گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول اہم تعلیمی ادارہ،پرنسپل اطہر کامران کی محنت سے سکول کے ماحول میں نمایاں بہتری آئی

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول فیصل آباد جو ایک تاریخی اور اہم تعلیمی ادارہ ہے ،ادارے کے پرنسپل اطہر کامران نے اپنی محنت، دیانتداری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سکول کے ماحول میں نمایاں بہتری لائی ہے۔ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود سکول میں رنگ و روغن، صفائی ستھرائی، اور پودوں و پھولوں کے ذریعے خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا، جسے والدین اور اہل علاقہ نے بھی سراہا۔یہ ادارہ ماضی میں شاندار تعلیمی نتائج دینے کی روایت رکھتا ہے اور طلبہ کے روشن مستقبل میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ تاہم، چند اساتذہ کی جانب سے تدریسی ذمہ داریوں سے ہٹ کر پرنسپل کے خلاف گروپ بندی کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے نہ صرف ادارے کے نظم و ضبط پر منفی اثر پڑ رہا ہے بلکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرنسپل کی جانب سے بارہا سمجھانے اور تعلیمی امور پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایات کے باوجود متعلقہ سٹاف ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ بعض حلقوں کے مطابق اگر تدریسی عمل پر زور نہ دیا جائے تو صورتحال بظاہر معمول پر آ سکتی ہے، تاہم طلبہ کے بہتر تعلیمی مستقبل کے لیے پرنسپل کا سنجیدہ رویہ ہی ان کا قصور سمجھا جا رہا ہے۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اداروں میں گروپ بندی نہ صرف تعلیمی معیار کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ طلبہ کے مستقبل کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے رجحانات کا فوری نوٹس لے کر مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں مثبت اور تعمیری ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں