گولڈ میڈل جیتنے والے تن ساز کا پرتپاک استقبال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھائی لینڈ میں ہونیوالے انٹرنیشنل باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں انڈونیشیا اور انڈیا کے تن سازوں کو شکست دے کر گولڈمیڈل جیتنے والے غلام محمد آباد فیصل آباد کے تن ساز محمد شکیل ملک کا اپنی رہائش گاہ پہنچنے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں ادریس’ سابق چیئرمین رانا شاہی’ کوارڈی نیٹر ملک شہزاد اور اہل علاقہ نے پرتپاک استقبال کیا’ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے’ اپنی شاندار کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے گولڈمیڈلسٹ محمد شکیل ملک نے کہا کہ میرا اس میں کوئی کمال نہیں یہ سب میرے اللہ کا کرم و فضل ہے’ تھائی لینڈ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تن سازوں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا مگر کامیابی میرے حصے میں آئی جس کیلئے میں اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوں’ اللہ کے فضل و کرم کے بعد میری کامیابی میں میرے والدین کی دعائوں کا بہت بڑا ہاتھ ہے’ جنہوں نے ہمیشہ میری کامیابی کیلئے بے پناہ دعائیں کی ہیں’ انہوں نے پنجاب گورنمنٹ سے شکوہ کیا کہ اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان پہنچنے پر کسی ایک سرکاری افسر نے میرا استقبال نہیں کیا’ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری سطح پر کھلاڑیوں کی پذیرائی ہو تو کوئی وجہ نہیں پاکستان کے کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر اپنے فن کا لوہا نہ منوا سکیں’ اس موقع پر انہوں نے اپنے استقبال کیلئے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا’ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں ادریس’ سابق چیئرمین رانا شاہی’ کوارڈی نیٹر ملک شہزاد نے کہا کہ ملک محمد شکیل نے تن سازی میں گولڈمیڈل جیت کر فیصل آباد کا نام روشن کر دیا ہے’ ہم انہیں اس شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہیں ‘ یقینا ایسے نوجوان ہمارے سرکا تاج اور ہمارا فخر ہیں’ انہوں نے پنجاب گورنمنٹ سے اپیل کی کہ انٹرنیشنل گولڈمیڈلسٹ محمد شکیل کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ان کے اعزاز میں سرکاری طور پر تقریب کا اہتمام کیا جائے اور ان کی کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں