گوکھووال کے رہائشی کا پولیس کے مبینہ ظلم کیخلاف احتجاج،خود سوزی کی دھمکی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک نمبر 121ج ب گوکھووال کے رہائشی عبد الرحمان ولد دلشاد احمد نے فیصل آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے ان کے اور ان کے بھائیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر کے انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس بے بنیاد الزامات کی آڑ میں آئے روز ان کے گھر پر چھاپے مارتی ہے، قیمتی اشیا ضبط کر لیتی ہے اور خواتین و بچوں کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے، جس کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔عبد الرحمان نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی زمینداری، مال مویشی پالنے، بازار داری اور پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ ہیں، مگر ایک پرانے مقدمے کے باعث ان کے نام پولیس کے ریکارڈ میں شامل کر دیے گئے ہیں۔ اس بنیاد پر مختلف تھانوں کی پولیس ان کا تعاقب کر رہی ہے اور انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران عبد الرحمان نے وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلی حکام سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایک غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دے کر اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس نے انہیں اور ان کے خاندان کو بے جا تنگ کرنا بند نہ کیا تو وہ سی پی او آفس کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں