گوہر ٹیکسٹائل ملز کی چھت سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی

جڑانوالہ (نامہ نگار) گوہر ٹیکسٹائل ملز کی چھت سے ملنے والی لاش چند روز قبل اغوا ہونیو الے 24سالہ نوجوان کی نکلی،ممبر بار جڑانو الہ ایڈووکیٹ سید ظاہر حسین شاہ کا بھتیجا سید عامر شاہ چند روز سے لاپتہ تھا،ورثاء کی جانب سے نوجوان کو مبینہ قتل کرنے کا الزام،حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ گوہر ٹیکسٹائل ملز کی چھت پر 24سالہ نوجوان کی لاش پڑی ہوئی ہے جس پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق گوہر ٹیکسٹائل ملز کی چھت سے ملنے والی لاش کی شناخت ممبر بار ایسوسی ایشن جڑانوالہ ایڈووکیٹ سید ظاہر حسین شاہ کے 24 سالہ بھتیجے سید عامر شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو چند دنوں سے لاپتہ تھا پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب ورثاء کا کہنا ہے کہ 7مارچ کو ان کا بیٹا اغوا ہوا تھا جسکا مقدمہ نمبر 379/25بجرم 365ت پ تھانہ جھمرہ میں درج رجسٹرڈ ہوا تھا جبکہ اس سلسلہ میں گوہر ٹیکسٹائل ملز انتظامیہ کی جانب سے کوئی تعاون نہ کیا گیا ہے۔ ورثاء کا مزید کہنا ہے کہ انکے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے لہٰذا حکام بالا ازخود نوٹس لیکر انصاف و تحفظ فراہم کریں۔ پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ نے تمام تر حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں