1

گڈ گورننس کے نتائج عوام تک پہنچانے کی ہدایت

لاہور( بیورو چیف)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم شروع کرنے یا ملک بھر میں جلسے جلوس منعقد کرنے کیلئے آمادہ نہیں بلکہ ان کا بنیادی فوکس گورننس اور عوامی بہبود پر ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت میں آنے کے بعد پہلے 3سے 4سال تک حکمرانی کے معیار کو بہتر بنایا جائے جبکہ سیاسی سرگرمیاں آخری ڈیڑھ سال تک محدود رکھی جائیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف ابھی کوئی نیا بیانیہ بنانے کے بھی سوچ بچار نہیں کر رہے اور ان کا ماننا ہے کہ گورننس کے ماڈل کو ہی بیانیہ بنا کر عوام کے درمیان جایا جائے کیونکہ پاکستان میں نواز شریف کا ایک مضبوط ووٹ بینک موجود ہے اور وہ اپنے ووٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر متاثر کرنا چاہتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا موقف واضح ہے پہلے کام کرو، پھر ووٹ مانگو، وہ نہ صرف خود سیاسی سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے گورننس پر توجہ دے رہے ہیں بلکہ مریم نواز کو بھی یہی مشورہ دیتے ہیں کہ سیاست بعد میں، پہلے حکمرانی کا ماڈل مضبوط کیا جائے۔اسی وژن کے تحت پنجاب میں متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں جو نواز شریف کی ترجیحات کی عکاسی کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف پارٹی کے اندر تنظیمی تبدیلیاں بھی اسی وقت کریں گے جب گورننس کے نتائج عوام تک پہنچ جائیں گے۔ اس وقت تک وہ عوامی رابطہ مہم یا جلسوں سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ حقیقی کارکردگی ہی ووٹرز کو قائل کرے گی۔ یہ حکمت عملی مسلم لیگ (ن)کی موجودہ حکومت کی کارکردگی پر منحصر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں