61

گھریلو صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کا اعلان (اداریہ)

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی اور بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کر کے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 100 فی صد کمی لائیں گے بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی کر کے سستی کریں گے وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پرعملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء خواجہ آصف احد چیمہ’ عطاء اﷲ تارڑ’ ڈاکٹر مصدق ملک’ سردار اویس لغاری’ معاون خصوصی محمد علی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو بجلی شعبے کی اصلاحات کے آئندہ تین برس کے اہداف اور بجلی کے شعبے کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی جس کے مطابق بجلی شعبے کی اصلاحات وانسداد چوری مہم کے نتیجے میں دسمبر 2024ء تک تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیاں بہتر ہو کر 93.26 فی صد پر پہنچ گئیں اجلاس کو گردشی قرضے میں مرحلہ وار کمی کے لائحہ عمل وبجلی کی ترسیل کیلئے مسابقتی مارکیٹوں کے قیام بجلی کے ٹیرف میں کمی ودیگر اصلاحات کی معینہ مدت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اگیا وزیراعظم نے تمام اصلاحات ومنصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 7دہائیوں کے بگاڑ کو بہتر کرنے کیلئے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے وزیراعظم نے کہا کہ روز اول سے اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے وزیراعظم نے کہا کہ آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی سے قومی خزانے کو بچت اور صارف کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے انسداد بجلی چوری مہم سے تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی ہو رہی ہے وزارت بجلی ومعاون اداروں کی محنت کا نتیجہ ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان کی تعیناتی سے کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسی تقسیم کار کمپنیاں جس میں بورڈ تشکیل نہیں ہوئے ان میں بھی جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان تعینات کر دیئے جائیں،، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا صنعتی اور گھریلو صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کا اعلان لائق تحسین ہے بلاشبہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیکر اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے بجلی کے ترسیلی نقصانات میں کمی بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت نتائج کا منہ بولتا ثبوت ہے بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین اور انڈسٹری کے لیے مزید بجلی سستی کرنے کا حکومت کا وعدہ پورا ہو گا جب صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی ملے گی تو انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے جبکہ گھریلو صارفین کو اس فیصلہ سے سب سے بڑا فائدہ یہ ہو گا کہ ان کا گھریلو بجٹ اتھل پتھل ہونے کے بجائے ایک طریقہ کار کے مطابق تیار ہو گا اور گھریلو صارفین جو بجلی کے بلوں کے باعث ہر ماہ پریشان رہتے تھے اس پریشانی سے چھٹکارہ حاصل کر سکیںگے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی وزارت عظمیٰ کے مختصر دور میں اتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کہ اب تو ان کے مخالف بھی قائل ہو گئے ہیں شہباز شریف نے 8فروری کے الیکشن کے بعد وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ ملک کی بہتری کیلئے تیز ترین فیصلے کریں گے انہوں نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف سے شائد یہ ہمارا آخری پروگرام ہو! واقعی وزیراعظم نے صرف ایک سال سے بھی کم عرصے میں ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ ملکی معیشت کو سنبھالا بھی دیا ایک وقت تھا کہ صنعتی وگھریلو صارفین بجلی کے بلوں کے ہاتھوں عاجز آ کر سڑکوں پر احتجاج کرتے نظر آ رہے تھے اس وقت وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات لائیں گے کمپنیوں کے خسارے پر قابو پایا جائے گا اور ان کو منافع بخش بنائیں گے آج ان کا یہ وعدہ بھی پورا ہو رہا ہے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں آئی پی پیز کمپنیوں سے معاہدوں پر نظرثانی کی گئی جس کے نتیجہ میں بھاری اخراجات کی بچت ہوئی اب حکومت نے اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے بجلی صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جس کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے امید ہے کہ وزیراعظم گھریلو اور صنعتی صارفین کو خاطر خواہ ریلیف دیں گے وزیراعظم کو گیس کے شعبے میں بھی اصلاحات کیلئے ہدایات کرنی چاہئیں تاکہ صنعتی اور گھریلو صارفین کو سستی گیس حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں