گھریلو ملازمہ80لاکھ کے زیورات لے اڑی،ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان لہولہان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ 7ج ب میں گھریلو ملازمہ شہری کے گھر سے80لاکھ کے زیورات لے اڑی، قاتلانہ حملوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے3 نوجوان لہولہان جبکہ فراڈیے نے کاروبار کا جھانسہ دیکر دیہاتی کو کنگال کر دیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق ملت ٹائون میں ارشد اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر موبائل چھیننے کی کوشش کی تو اس نے شور مچایا تو دیگر محلے والے بھی آ گئے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھی نے فائر کھول دیا گولی ارشد کو لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، اتھرے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے جبکہ نشاط آباد کے علاقہ7ج ب کے رہائشی حسنین مرتضیٰ نے بتایا کہ عرصہ سے عالیہ زوجہ اقبال دختر لیاقت علی گھر میں ملازمہ رکھی ہوئی تھی اس کا شوہر اور بھائی ان کے گھر آتے رہتے تھے وہ عید کے روز21مارچ کو عزیزوں کو ملنے گئے ہوئے تھے ان کی عدم موجودگی میں گھریلوملازمہ نے اپنے خاوند کو بھائی کے ساتھ مل کر مختلف کمروں کی تلاشی لیتے ہوئے17تولے طلائی زیورات،5عدد چوڑیاں، کڑے،7انگوٹھیاں،3عدد ٹاپس، ڈائمنڈ سیٹ اور دیگر سامان چوری کر کے فرار ہو گئے، جبکہ نشاط آباد کے علاقہ 51ج ب سجاداں میں محلے داروں سکندر ولد حیات اور عمران ولد رمضان کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا تو سکندر نے فائرنگ کر کے ہمسائے عمران کو زخمی کر دیا، بلال ٹائون میں معمولی جھگڑے پر نعمان اور ساحل وغیرہ نے فائرنگ کر کے عبدالاحد ولد آصف وغیرہ کو بری طرح زخمی کر دیا۔564گ ب میں پرانی دشمنی کی بنا پر مسلح افراد کی فائرنگ سے مخالف ندیم خان ولد حنیف بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا، علاوہ ازیں مرید والا کے رضوان نے بتایا اس کے واقف کار ملزم اللہ دتہ نے کاروبار کا جھانسہ دیکر جمع پونچی38لاکھ ہتھیا لی،بعد ازاں منافع دیا نہ رقم واپس کی مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بوگس نکلا پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں