29

گھریلو نا چاقی پر خاوندکے ہاتھوں بیوی قتل ، 6خواتین ، 3نوجوان اغواء

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھریلو جھگڑے پر مشتعل شوہر نے چھریوں کے وار کر کے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پل ڈینگرو کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے مرغیوں سے لوڈ ٹرک چھین لیا’ اوباش افراد نے سبز باغ دکھا کر 6 خواتین اور مختلف مقامات سے 3 نوجوانوں کو اغواء کر لیا گیا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ مقصودآباد گلی نمبر2 کے رہائشی ملزم سرفراز کا اپنی اہلیہ فرحت سے اکثر گھریلو معاملات پر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ شب دوبارہ تلخ کلامی پر ملزم سرفراز نے چھریوں کے پے درپے وار کر کے بیوی فرحت بی بی کو موت کے گھاٹ اتار کر فرار ہو گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل شوہر کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ پولٹری کا کاروبار کرنیوالے ریاض نے بتایا کہ وہ برائلر خرید کر پل ڈینگرو کے قریب گاڑی پر جا رہا تھا کہ نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے روک لیا اور لاکھوں روپے مالیت کے مرغیوں سے لوڈ ٹرک چھین لیا مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ علاوہ ازیں تھانہ رضاآباد کے علاقہ عباس نگر کے رہائشی فیروز اختر نے بتایا کہ ملزم ریاض نے اسکی بیٹی (م) کو نکاح کرنے کا جھانسہ دیکر گھر سے بلا کر بے آبرو کر دیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ 399 گ ب کے رہائشی امین کی بیٹی (پ) کو ملزم فیض نے ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ لقمان آباد کے رہائشی منظور حسین کا کہنا ہے کہ اوباش ملزم نے اپنی ساتھی خاتون حنظلہ کی مدد سے میٹرک کی طالبہ بیٹی (س) کو اغواء کر لیا۔ مدینہ ٹائون کے علاقہ 214 رب کی بشیراں بی بی کی بیٹی (ف) کو ملزمان اسلم وغیرہ’ 62 ج ب کے شہزاد مزمل کی ہمشیرہ (ن) کو ملزمان ذیشان وغیرہ اور تاندلیانوالہ کے علاقہ 400 گ ب کے بلال نے بتایا کہ اسکی اہلیہ (ن) گھر سے سودا سلف لینے گئی اوباش ملزم الیاس وغیرہ زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے، سمندری کے علاقہ 441 گ ب کے اسلم نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ملزمان جلال وغیرہ نے اسکی بیٹی (س) کو اغواء کر لیا۔ علاوہ ازیں مدینہ ٹائون کے علاقہ 208 چک کے رہائشی حامد نے بتایا کہ اس کا بھائی حسان یعقوب گھر سے سودا سلف لینے گیا واپس نہ آیا، پیپلزکالونی کے علاقہ سعید کالونی کے رہائشی یوسف کا جواں سالہ بیٹا خالد موٹرسائیکل لیکر گھر سے گیا اور ستیانہ کے علاقہ 129 گ ب کے رہائشی عبدالستار کے جواں سالہ بیٹے زین کو نامعلوم ملزمان نے اغواء کر لیا۔ تلاش کے باوجود مغویان کا سراغ نہ مل سکا۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مغویان کی بازیابی کیلئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں