25

گھر میں ہولناک آتشزدگی ، 4کمسن بہن بھائی جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گٹ والا کے قریب امیر ٹائون میں شہری کے گھر آتشزدگی سے 4 کم سن بہن بھائی جاں بحق’ آگ بجھاتے اور بچوں کو بچاتے ہوئے والد بری طرح جھلس گیا’ جبکہ بلیسنگ ہوم سکول کے قریب مغل مارکیٹ میں واقع گھر میں آگ لگنے سے ادھیڑ عمر میاں بیوی بری طرح جھلس گئے’ ریسکیو1122 ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا، آگ لگنے کے واقعہ میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈاکٹر محمد عابد خان نے ایس پی مدینہ ٹائون’ اے ایس پی پیپلزکالونی سرکل اور ایس ایچ او مدینہ ٹائون پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ گٹ والا کے قریب امیر ٹائون میں واقع چوہدری سلیم کے ڈیرہ کے قریب جعفر نامی شخص کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی زد میں آ کر گھر کا سربراہ 38سالہ جعفر ولد امیر علی’ اسکے چار بچے 3سالہ نور فاطمہ’ 6سالہ امیر’ 5 سالہ ایمن اور 8 سالہ بیٹا ارسلان بری طرح جھلس گئے، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور جھلس جانے والے مذکورہ بچوں اور اس کے والد کو باہر نکالا تو زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے 8سالہ ارسلان’ 6سالہ امیر اور 5سالہ ایمن زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ جبکہ شہری جعفر اور اسکی 3سالہ بیٹی نورفاطمہ کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا، ہسپتال میں 3سالہ بچی نور فاطمہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور کم سن بہن بھائیوں کی نعشوں کو تحویل میں لیکر انکوائری شروع کر دی۔ جبکہ دوسرا واقعہ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ بلیسنگ ہوم سکول کے قریب مغل مارکیٹ میں پیش آیا جہاں پر مرزا جمیل کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے 55سالہ مرزا جمیل اور اسکی 50سالہ اہلیہ روبینہ بی بی بری طرح جھلس گئے، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا کر میاں بیوی کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں