گیس لیکج سے زور دار دھماکہ ،عمارت تباہ،13جاں بحق

کراچی(بیوروچیف) شہر قائد کے سولجر بازار کی رہائشی عمارت میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہو گیا جس سے دو بچوں سمیت 13افراد جاں بحق جبکہ14زخمی ہوگئے’پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں صبح 4بجے کے قریب عمارت میں گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت کا کچھ حصہ گرگیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لیکر سکیورٹی سخت کردی اور ریسکیو اداروں نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت تین منزلہ ہے اور ہرفلور پر ایک کمرہ قائم ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 14لا شیں نکالی جاچکی ہیں جن میں 2بچے بھی شامل ہیں جب کہ 14سے زائد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو 1122بریگیڈئیر واجد نے بتایا کہ گیس دھماکا عمارت کی پہلی منزل پر ہوا، دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سے ہوا۔ڈی جی نے کہا کہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، چھوٹی عمارت کے لیے ہمارے پاس خاص آلہ ہوتاہے، آلے کی مدد سے لوہے کو کاٹ کر ملبہ ہٹایا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ڈی سی ایسٹ نے بتایا کہ گرنے والی عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے،عمارت کے گرائونڈ فلور پر سلنڈر دھماکہ ہوا، دھماکے کی شدت کی وجہ سے عمارت متاثر ہوئی اور زمین بوس ہوگئی، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں