گیس لیکج کے باعثLPGے بھرا ٹینکر پھٹ گیا،معصوم بچی اور3خواتین سمیت 6افراد جاں بحق،31زخمی،20گھر تباہ،متعدد جانور ہلاک

ملتان (بیوروچیف) ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایل پی جی گیس سے بھرا ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا، حادثے میں 6افراد جاں بحق اور 31زخمی ہوگئے۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ 13زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔زور دار دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں جس کے باعث شہری شدید خوف میں مبتلا ہوگئے’ ریسکیو حکام کے مطابق ایل پی جی ٹینکر پھٹنے سے ٹکڑے قریبی آبادی پر گرے، لوہے کے ٹکڑے گرنے سے کئی گھر متاثر ہوئے ہیں۔ سی پی او کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچی اور 3خواتین شامل ہیں، دھماکے میں جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹینکر سے گیس کا اخراج جاری ہے جس کے باعث علاقے کو خالی کروا دیا گیا ہے۔کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔دھماکے سے قریبی آبادیوں کے 20گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے جزوی متاثر ہونے والے مکانوں کی تعداد 70سے زائد ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق فائر بریگیڈ کی 10گاڑیوں نے فوم اور پانی سے آگ پر قابو پالیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔کمشنر ملتان کے مطابق تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا’مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی۔مقدمہ تھانہ مظفر آباد میں درج کر لیا گیا، کمشنر کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں