فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) غیر قانونی طور پر گیس کمپریسر استعمال کرنیوالوں کیخلاف محکمہ سوئی گیس کا بڑے پیمانے پر کریک ڈائون’ شہر کے مختلف علاقوں سے ایک ماہ کے دوران 138 گیس صارفین پکڑے گئے’ میٹر اتار کر کمپریسر بھی قبضے میں لئے گئے، ایگزیکٹو آفیسر محکمہ سوئی گیس راشد حمید کی ہدایت پر کمپریسر استعمال کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون پر شہریوں کا اظہار اطمینان۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر گیس کمپریسر استعمال کرنیوالوں کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، محکمہ سوئی گیس کے حکام کا کہنا ہے کہ ایسا کرنیوالے گھریلو صارفین کی حق تلفی کر رہے ہیں اور موسم سرما میں گیس کمپریسر استعمال کر کے دوسرے لوگوں کو سوئی گیس کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے اس لئے اس غیر قانونی فعل میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، ایگزیکٹو آفیسر محکمہ سوئی گیس راشد حمید نے بتایا ہے کہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں سے ایک مہینے کے دوران 138 گھریلو گیس صارفین پکڑے گئے جو غیر قانونی طور پر گیس کمپریسر استعمال کر رہے تھے جن کے گیس میٹر اتار کر کمپریسر بھی قبضے میں لیکر ان کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر گیس کمپریسر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین باز آ جائیں اور وہ دوسرے صارفین کو گیس کی فراہمی میں رکاوٹ نہ بنیں ورنہ ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس فعل میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے جس کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
43