گیس کمپنیوں کی کارکردگی بہتر کرنے کی بجائے مستقل اثاثوں پر منافع کمانے کا انکشاف

اسلام آباد (بیوروچیف)گیس کمپنیوں کی جانب سے کارکردگی بہتر کرنے کی بجائے مستقل اثاثوں پر منافع کمانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جار ی سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ گیس کمپنیاں اثاثوں پر منافع کما کر صارفین پر بوجھ ڈالتی رہیں، اور سوئی گیس کمپنیوں نے 7سالوں میں 305ارب روپے منافع کمایا۔گیس کمپنیوں کی جانب سے صارفین سے 26فیصد تک منافع حاصل کرنیکا انکشاف ہوا ہے، دستاویز کے مطا بق سوئی گیس کمپنیوں نے یہ منافع کارکردگی کی بجائے اپنے مستقل اثاثوں پر کمایا۔سوئی ناردرن نے 196 ارب روپے منافع کمایا، اور یہ سارے کا سارا منافع کارکردگی کی بجائے فکسڈ اثاثہ جات پر کمایا گیا، گزشتہ سات برسوں میں سوئی ناردرن نے 4مرتبہ 17فی صد منافع لیا، ایک مرتبہ 26فیصد اور دو مرتبہ 21فیصد منافع لیا۔ دستاویز کے مطابق سوئی سدرن نے گزشتہ سات سالوں میں 109ارب روپے منافع کمایا، ان سات برسوں میں 17 فی صد، 23 فی صد اور 26 فی صد کی شرح سے منافع لیا گیا ۔ اوگرا حکام کے مطابق کمپنیوں کے منافع کو کارکردگی سے منسلک کرنے کرنے کیلئے ورکنگ شروع کر دی گئی ہے، گیس کمپنیوں کے منافع کی شرح کے تعین کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے، منافع کے طریقہ کار پر نظر ثانی کیلئے نجی کمپنی کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔اوگرا حکام کے مطابق منافع سے متعلق لاہور، اسلام آباد اور کراچی اور پشاور میں عوامی سماعت ہو چکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں