69

گیس ہیٹر سے بستر کو آگ لگنے کے باعث بزرگ خاتون زندہ جل گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گوکھوال کے قریب کمبوہ کالونی میں گیس ہیٹر سے بستر کو آگ لگنے سے بزرگ خاتون زندہ جل گئی، ریسکیو1122 نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نعش کو ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملت روڈ پر واقع گوکھوال کے قریب کمبوہ کالونی گلی نمبر5 کے رہائشی اشرف کی 60سالہ اہلیہ اقبال بی بی کمرہ میں گیس ہیٹر لگا کر سو رہی تھی کہ اچانک بستر کو آگ لگنے سے خاتون بری طرح جھلس کر زندگی کی بازی ہار گئی، کمرہ سے دھواں اٹھتا دیکھ کر اہل خانہ نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے موسم میں لواحقین اپنے بزرگوں کو ہیٹر لگا کر دوسرے کمروں میں جا کر سو جاتے ہیں اور ان کا دھیان نہیں رکھا جاتا، ان میں بعض فالج اور دیگر امراض کے بھی مریض ہوتے ہیں جو کہ حرکت اور اونچی آواز میں بات بھی نہیں کر سکتے اور اس طرح آگ لگنے کے متعدد واقعات ہیں۔ ضعیف العمر اور مریض افراد موت کی وادی میں پہنچ جاتے ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اپنے عزیزوں اور بزرگوں کو ہیٹر چلا کر علیحدہ نہ چھوڑیں ان کا دھیان بھی رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں