ہاؤسنگ سکیموں نے منتظمین کو شجر کاری کیلئے متحرک ہونیکی ہدایت

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم جاری ہے اس سلسلے میں دستیاب جگہوں پر پودے لگانے کے علاوہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے منتظمین کو بھی متحرک کیا گیا ہے تاکہ سرسبز و شاداب فیصل آباد کے مقاصد کماحقہ حاصل کئے جا سکیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک میٹنگ کے دوران شجرکاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے بتائی۔ چیف انجینئر مہرایوب ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ ، انچارج ہارٹیکلچر رانا سجاد ودیگر افسران اجلاس میں موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مختلف ہائوسنگ سکیموں کے ڈویلپرز سے بھی ملاقات کی اور ان کے لئے شجرکاری کے اہداف مقرر کرتے ہوئے منظم انداز میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں جاری شجرکاری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مفید اور بامقصد پودوں کی آبیاری پر خصوصی توجہ دیں اور لگائے گئے پودوں کی بقا و سلامتی کے لئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کیا جائے تاکہ قومی اہمیت کے اس فریضہ کو نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ انہوں نے سنٹرل پارک ایف ڈی اے سٹی میں باقاعدہ ”تھیم ” کے تحت پودے لگانے پر زور دیا اور کہا کہ تمام گرین بیلٹس، چوکوں اور شاہرات پر زیبائشی پودوں کے علاوہ ترتیب وار موسمی پھول اگائے جائیں۔ انہوں نے شعبہ آئی ٹی کے افسران سے کہا کہ وہ شجرکاری کے دوران لگائے گئے پودوں کی جیوٹیگنگ کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور قدرتی حسن میں اضافہ کے لئے پودوں کی افزائش میں کوئی کوتاہی یا غفلت نہ ہو۔ انہوں نے ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ سے کہا کہ وہ شجرکاری میں بھرپور حصہ لینے کے لئے ہائوسنگ سوسائٹیز کو متحرک رکھیں اور مقر رہ اہداف کے مطابق پودے لگانے کیلئے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ملاقات کے دوران ڈویلپرز نے یقین دلایا کہ شجرکاری ان کا مشن ہے کیونکہ خوبصورت پودے/درخت اور ہری بھری کیاریاں رہائشی کالونیوں کی شان ہیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی طرف سے تفویض کردہ اہداف سے بڑھ کر شجرکاری کی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں