ہائی وولٹیج تاریں گرنے سے خاتون کی ہلاکت،فیسکو کے 3افسران کیخلاف مقدمہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ترکھانی پولیس نے ہائی وولٹیج تاریں گرنے سے 6بچوں کی ماں کے جاں بحق ہونے پر فیسکو حکام کی مبینہ غفلت’ لاپرواہی کرنے پر ایکسیئن فیسکو شیخ وقاص’ ایس ڈی او ولید اور لائن سپرنٹنڈنٹ ریحان کے خلاف زیردفعہ 322 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ قانونی کارروائی کروانے والے 214 گ ب کے رہائشی اﷲ رکھا ولد مالک مسیح نے بتایا کہ 6بچوں کی ماں شمشاد بی بی بیوہ عابد مسیح مقامی زمیندار کے گھر ملازمت کرتی تھی، گزشتہ روز وہ گھر کے باہر صفائی کر رہی تھی کہ اچانک 11 کے وی بجلی کی تاریں اس کے اوپر آن گری، بجلی کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ شمشاد بی بی کا سر تن سے جدا ہو گیا اور وہ موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئی۔ مدعی کا کہنا تھا کہ بجلی کی تاریں ایک روز قبل ٹوٹی ہوئی تھیں جس کی شکایت محکمہ فیسکو کو کئی بار کی گئی لیکن فیسکو افسران نے کوئی نوٹس نہ لیا اور گزشتہ کئی ماہ سے 11کے وی کی تاروں میں سپارکنگ بھی ہو رہی تھی۔ علاقہ کے فیضان اور قیصر وغیرہ نے فیسکو اہلکاروں کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی نوٹس نہ لیا اور گزشتہ روز ہائی وولٹیج ٹوٹ کر خاتون پر گری اور وہ موقع پر ہی چل بسی۔ علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تاہم ترکھانی پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے فیسکو حکام کی مبینہ غفلت’ لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر خاتون کے جاں بحق ہونے پر ایکسیئن’ ایس ڈی او’ لائن سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں