2

ہاسٹل کی زندگی طلبہ کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے،وی سی جامعہ زرعیہ ڈاکٹر ذوالفقار علی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ہاسٹل کی زندگی طلبہ کی شخصیت سازی، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ ہاسٹل میں رہنا مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے درمیان اتحاد، باہمی احترام، ہم آہنگی اور دیرپا دوستی کو پروان چڑھاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے صفائی اور اسپورٹس مقابلہ جات 2025ء میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہاسٹلز کے لیے منعقدہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ہال وارڈن ڈاکٹر انور الحق، فی میل ہال وارڈن ڈاکٹر حمیرا رزاق، ڈاکٹر جعفر جسکانی، پرنسپل آفیسر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ریاض ورک سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ صفائی محض ایک معمول کی سرگرمی نہیں بلکہ نظم و ضبط کی عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تقریباً ایک تہائی طلبہ ہاسٹلز میں مقیم ہیں جہاں وہ کلاس روم سے باہر بھی قیمتی سیکھنے کے مواقع حاصل کرتے اور اپنی شخصیت کو نکھارتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب ہاسٹلز کو مبارکباد دی اور صاف ستھرا اور صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ کھیل جسمانی صحت اور ذہنی تندرستی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹر ہاسٹل اسپورٹس مقابلے ٹیم ورک، اتحاد اور صحت مند مسابقت کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ عصر اور مغرب کے اوقات میں موبائل فونز تک محدود رہنے کے بجائے کھیل کے میدانوں کو آباد کریں۔ انہوں نے خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو آبادی کا 60 فیصد حصہ ہیں۔ مردانہ ہاسٹلز کے مقابلہ جات میں فتح ہال نے پہلی، افضل ہال نے دوسری جبکہ ہیلے ہال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین ہاسٹلز کے مقابلہ جات میں قذافی ہال اور ٹیپو ہال نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، سر سید ہال دوسرے جبکہ خالد ہال تیسرے نمبر پر رہا۔ چیف ہال وارڈن ڈاکٹر انور الحق نے کہا کہ انٹر ہاسٹل سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت نکھارنے اور قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ فی میل ہال وارڈن ڈاکٹر حمیرا رزاق نے کہا کہ صاف ستھرا ہاسٹل ماحول صحت مند طرزِ زندگی، باہمی احترام اور مثبت تعلیمی فضا کو فروغ دیتا ہے۔ ڈاکٹر جعفر جسکانی نے کہا کہ صاف اور صحت مند ماحول نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ تعلیمی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ پرنسپل آفیسر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ریاض ورک نے طلبہ میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں