54

ہر سال 10مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کر دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان المرصوص لانچ کیا جو کامیاب ہوا اور دشمن کے دفاعی نظام کو تباہ کیا، وزیراعظم نے کہا یوم معرکہ حق ملک میں جوش وجذبہ اور ملی وحدت سے منایا جائے گا ان کا کہنا تھا کہ بہادر افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں نے ہمارے سرفخر سے بلند کر دیئے ہیں وزیراعظم نے 16مئی کو افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اﷲ کے حضور سجدہ شکر بجالانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا اور کہا ہے کہ جمعہ کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے دوسری جانب پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کی تکمیل کا اعلان کر دیا، بھارت کے ساتھ 22اپریل سے 9مئی تک کے معرکے کو معرکہ حق کا نام دیا گیا جبکہ 10مئی کی کارروائی آپریشن بنیان المرصوص کے تحت ہوئی وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے پیکج کا اعلان بھی کیا اس پیکج کے تحت معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو ایک کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10لاکھ سے 20لاکھ روپے دیئے جائیں گے پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الائونسز جاری رہیں گی اعلامیہ کے مطابق پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کے لیے 10لاکھ روپے میرج گرانٹ دی جائے گی اس کے علاوہ پاک فوج کے زخمی ہونے والوں کو 20لاکھ روپے سے 50لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں’ شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے ہم یہ فرض پورا کریں گے پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سرانجام دی ہیں ان کا اعتراف قومی سطح پر کیا جائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا،، بھارت سمجھتا تھا کہ پاکستان ایک منتشر ملک ہے جو اس کے لیے ترنوالہ ثابت ہو گا لیکن قوم کی افواج پاکستان کی مکمل حمایت نے ثابت کر دکھایا کہ ہم ناقابل شکست ہیں آپریشن بنیان المرصوص کے تحت صرف ایک ہی حملے میں بھارت کو دفاعی لحاظ سے اتنا نقصان پہنچا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا تھا پاکستانی فضائیہ نے انکی تمام ٹیکنالوجی کو چند لمحوں میں برباد کر کے رکھ دیا اور بھارت کو امریکہ کے سامنے جنگ بندی کے لیے منت کرنے پر مجبور کر دیا، بھارت یہ سمجھتا تھا کہ اس کے رافیل طیارے پاکستانی فضائیہ کو سر اٹھانے نہیں دیںگ ے مگر یہ بھی اس کی خام خیالی نکلی اور اﷲ نے پاکستان کو فتح دی، پوری قوم مسلح افواج کی پشت پر ہے چشم فلک ایک طویل عرصے بعد پاکستانی قوم کی آنکھوں میں چمک دیکھی یہ اسی فتح مبین کی وجہ سے ہے جو اﷲ تعالیٰ نے ایک طویل عرصہ کے بعد پاکستان کو عطا فرمائی ہے یہ فتح محض عسکری محاذ کی فتح نہیں بلکہ نظریاتی اور سفارتی میدانوں کی وہ کامیابی ہے جس نے پوری دنیا کو پاکستانی صلاحیتوں کا معترف کر دیا ہے بین الاقوامی فورم پر پاکستانی سفارت کاروں نے جس جرأت مندانہ انداز میں پاکستان کا موقف پیش کیا اس سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی کامیابی پر ہر سال 10مئی کو یوم معرکہ حق منانے کا اعلان کر کے قوم کے دل جیت لئے ہیں بلاشبہ اس کامیابی میں ہماری بہادر افواج نے وہ کام کر دکھایا جس کی دشمن کو توقع نہیں تھی دشمن نے اپنی ہار مان کر اپنی جان بخشی کرائی ہے بھارت کو یہ مشورہ ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کی جرأت کبھی کرنے کی کوشش نہ کرے ورنہ اس کا ہماری نڈر افواج وہ حال کریں گی کہ وہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہے گا۔ مودی کو سیدھی طرح اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو بھی حل کر لینا چاہیے ورنہ مظلوم کشمیریوں کی بددعائیں اس کا پیچھا کرتی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں