3

ہر ڈویژن کو صوبہ کا درجہ دینے کی حکمت عملی طے کی جائے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے بڑھتے ہوئے عوامی مسال پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ہر ڈویژن کو صوبہ کا درجہ دینے کی حکمت عملی طے کی جا ئے نیز جلد از جلد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کروایا جائے تاکہ نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل بطریق احسن حل ہو سکیں انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سمیت پنجاب کے تمام اضلاع بالخصوص جنوبی پنجاب میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ‘ صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان’ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار’پارکوں کی حالت زار انتہائی ابتر ہو چکی ہے صوبہ کے متعدد سکولز عمارتوں سے محروم نیز اساتذہ کی کمی سنگین مسئلہ ہے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے’ بالخصوص پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد ”لاوارث” ہو چکا ہے انڈرپاسز’ پارکنگ پلازوں اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی اور تعیمراتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے فنڈز نہیں ہیں صرف لاہور کو ترجیح دی جا رہی ہے اگر ہر ڈویژن کو صوبہ کا درجہ دے دیا جائے تو فنڈز وہاں کی عوام پر خرچ ہوں گے رانا زاہد توصیف نے اپنے بیان میں گذشتہ کئی سالوں سے بلدیاتی ادارے فعال نہ ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ نچلی سطح پر عوام کے منتخب نمائندے ہی عوام کے مسائل احسن طریقہ سے حل کروا سکتے ہیں لہٰذا جتنی جلدی ہو سکے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا جائے اگر ملک میں آئین اور قانون کی عملداری اور پاسداری ہو گی تو وطن عزیزمیں خوشحالی آئے گی عوام کامعیار زندگی بلند ہو گا ہر ڈویژن کی سطح پر نئے صوبے بننے سے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں گے حکومت کو اس معاملہ پر فوکس کرنا چاہئے تاکہ عوام کی بڑھتی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں