ہلال روڈ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن،اربوں روپے کی سرکاری زمین واگزار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی پیپلز کالونی نمبر2 ہلال روڈ پر تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن’ گھروں اور دکانوں کے باہر پختہ تجاوزات کو مسمار کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمین کو واگزار کروا لیا، تجاوزات ختم ہونے سے راستے کشادہ اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہو گی۔ تفصیل کے مطابق ہلال روڈ’ کریم ٹائون اور اس کے ملحقہ آبادیوں میں شہریوں کی طرف سے گھروں کے باہر لان’ باغیچہ’ گیراج وغیرہ بنا کر سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محترمہ حافظہ عظمت فردوس نے گزشتہ دنوں علاقہ کا وزٹ کرتے ہوئے لوگوں کو ازخود تجاوزات ہٹانے کے اعلان کروائے اور ساتھ ساتھ تجاوزات پر ریڈمارکنگ بھی کی گئی تھی لیکن شہریوں کی طرف سے تجاوزات کو ختم نہ کیا گیا تو گزشتہ روز محترمہ عظمت فردوس اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ ہلال روڈ’ کریم ٹائون پہنچ کر اپنی نگرانی میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے گھروں کے باہر سرکاری اراضی پر بنائے جانے والے لان’ باغیچہ’ گیراج اور دیگر تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کر دیا اور اربوں روپے مالیت کی سرکاری جگہ کو واگزار کروایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ ازخود تجاوزات کو ختم کر دیں۔ اگر حکومتی مشینری کے ذریعے تجاوزات کو ختم کیا گیا تو ان کا زیادہ نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں بلاامتیاز انسداد تجاوزات مہم جاری ہے اور شہر کو اسکی اصلی وپرانی حالت پر بحال کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو جرمانہ کے ساتھ ساتھ ان کی پراپرٹی کو سیل بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کے تاجروں کو چاہیے کہ وہ ازخود فٹ پاتھ خالی کر دیں تاکہ پیدل چلنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ شہر بھر میں کسی بھی جگہ پر کسی کو بھی پختہ یا عارضی تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں