ہلدی اور کالی مرچ کی چائے وزن کم کرنے میں مدد گار

لاہور ( بیو رو چیف ) سردیوں کے موسم میں وزن بڑھ جانا ایک عام مسئلہ بن جاتا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے لوگ ورزش، یوگا اور مختلف ڈائٹس آزماتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق متوازن غذا کے ساتھ صحت بخش ڈیٹاکس مشروبات وزن کم کرنے کے عمل کو موثر بنا سکتے ہیں۔ انہی میں ایک سادہ مگر مفید ہربل مشروب ہلدی اور کالی مرچ کی چائے ہے، جو اضافی کلو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے کے لیے سب سے اہم چیز صحت مند غذا اور درست معمول ہے، جبکہ ڈیٹاکس ڈرنکس میٹابولزم کو تیز کرنے اور جسم سے فاضل مادوں کے اخراج میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ہلدی اور کالی مرچ کی چائے کو بھی ایک موثر ڈیٹاکس مشروب سمجھا جاتا ہے جو وزن گھٹانے کے ساتھ مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتی ہے۔ہلدی میں موجود قدرتی اجزا جیسے فائبر، پروٹین اور دیگر غذائی عناصر ہاضمے کو بہتر بناتے اور میٹابولزم کو فعال رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہلدی میں اینٹی انفلیمیٹری، اینٹی آکسیڈنٹ اور جراثیم کش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں، جو جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دے کر وزن کم کرنے کے عمل کو تیز کرتی ہیں۔دوسری جانب کالی مرچ میں پایا جانے والا جزو پائپرین نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا اور جسم میں چربی کے جمع ہونے کو کم کرنے میں معاون ہوتا ہے، جبکہ غذائی اجزا کے بہتر جذب میں بھی مدد دیتا ہے۔ماہرین کے مطابق ہلدی اور کالی مرچ کی چائے بنانا نہایت آسان ہے۔ ایک کپ پانی ابال کر اس میں ایک چائے کا چمچ ہلدی پاڈر اور ایک چائے کا چمچ کالی مرچ شامل کریں، چند منٹ دم آنے دیں اور بعد ازاں چھان کر پی لیں۔ ذائقے اور سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے اس میں تھوڑا سا شہد بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ چائے عموما صبح کے وقت پینا زیادہ مفید سمجھا جاتا ہے۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ہربل چائے وزن کم کرنے اور قوتِ مدافعت بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے، تاہم کسی بھی ڈیٹاکس مشروب کو باقاعدہ معمول کا حصہ بنانے سے پہلے ماہرِ غذائیت یا ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے تاکہ صحت پر کسی منفی اثر سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں