ہمارے خاندان کو ریکارڈ یافتہ ملزمان،منشیات فروشوں سے بچایا جائے،چک103پھلاہی کی نسیم بی بی کی پریس کانفرنس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریس کلب فیصل آباد میں نسیم بی بی، رہائشی103پھلا ہی، نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والے ظلم و زیادتی کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کیں۔نسیم بی بی نے کہا کہ ان کے بیٹے کو کچھ عرصے سے علاقے کے بااثر اور ریکارڈ یافتہ ملزمان، جن میں زاہد عرف مولوی، عبد الرحمن عرف مانا، منیر عرف مندری، اور یعقوب عرف کوبادو شامل ہیں، منشیات فروشی کے دھندے میں زبردستی شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے بیٹے نے اس غیر قانونی کام سے انکار کیا تو یہ لوگ ان کے پورے خاندان کے دشمن بن گئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مورخہ22جنوری 2025 کی رات ان ملزمان نے ان کے گھر پر حملہ کیا۔ مسلح ہو کر دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، ان کے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنایا، ان کے کپڑے پھاڑ دیے، اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ نسیم بی بی اور ان کے بیٹے ان کے غیر قانونی دھندے میں مدد کریں یا گھر چھوڑ کر چلے جائیں۔نسیم بی بی نے بتایا کہ جب انہوں نے پولیس کو اطلاع دینے کے لیے 15 پر کال کی تو پولیس موقع پر آئی لیکن تھانے لے جانے کے بعد ان کی بات سننے کے بجائے انہیں دھمکایا گیا اور کہا گیا کہ آئندہ 15 پر کال نہ کی جائے۔پریس کانفرنس میں نسیم بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب، محترمہ مریم نواز شریف، آر پی او فیصل آباد، اور سی پی او فیصل آباد سے پرزور اپیل کی کہ وہ ان کے خاندان کو تحفظ فراہم کریں اور ان ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ نہ صرف ان کی جان کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقے میں منشیات کا دھندہ کرکے کئی گھروں کو تباہ کر چکے ہیں۔نسیم بی بی نے کہا کہ وہ ایک غریب اور بے بس خاتون ہیں لیکن انصاف کے لیے اپنی آخری حد تک جائیں گی۔ انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہی ان کی آواز اعلی حکام تک پہنچانے کا واحد ذریعہ ہے۔اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کی اپیل کی گئی ہے تاکہ اس خاندان کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور منشیات کے دھندے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں