24

ہم مشکلات سے گھبرانے والے نہیں ہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ہمراہ دورہ فیصل آباد کے موقع پر سابق وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سب مل جل کے پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر لائینگے ہماری حکومت کونہ ہٹایا جاتا تو پاکستان ترقی کی بلندیوں پر ہوتا۔ ناجائز قبضہ کرنے والوں نے اس ملک کے ساتھ جوکیا،سب نے دیکھا۔ مسلم لیگ ن سے ہی نہیں پاکستان کے ساتھ زیادتی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کو اب اپنی سیاسی میراث حاصل کرنی ہے۔ایک دو سال مشکل سہی،اسودگی کاوقت ضرور آئے گا۔ سیاست دان، انتظامیہ اور پولیس سمیت سب کو ملکر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا۔ آپ کی سی ایم آپ کے ساتھ ہے، ملکر صوبے اور ملک کے لئے کام کریں۔اس موقع پر میاں نواز شریف نے اپنے قریبی عزیز اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ‘بابائے سیاست چوہدری شیر علی کی خیریت دریافت کی اورعابد شیر علی سے کہا کہ چوہدری شیر علی کو میرا خصوصی پیغام پہنچائیں کہ اب وقت گھر میں بیٹھنے کا نہیں ہے وہ میدان میں آئیں’ کارکنوں کو متحرک کریں’پارٹی پرچم کی سربلندی کے لئے کام کریں اور وطن عزیز پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے کے لئے حکومت کواپنے مفید مشورے دیں۔میاں نواز شریف نے مزید گفتگو کرتے فیصل آباد کے علاقے سمن آباد میں ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسا اندوہناک واقعہ دیکھا نہ سنا، خوبصورت نوجوان کے جاں بحق ہو نے کا بہت دکھ ہے ‘اس موقع پر چوہدری عابد شیر علی نے اپنے قائد محمد نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ مریم نوازشریف سے عوام کی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔چوہدری عابد شیر علی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی سے تکمیل کے مراحل طے کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف کو مبارکباد دی اور صاف ستھرا پنجاب اوردیگر اختراعی پراجیکٹس پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں آج قائد محمد نواز شریف کے ساتھ آئی ہو ں۔ پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔فیصل آباد میں سو سپیڈو بسیں بھی لا رہے ہیں۔فیصل آباد میں میٹرو بس سسٹم بھی لا رہے ہیں۔کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔ صوبہ بھر کے دیہی اوربنیادی مراکز صحت کو6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجا ب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے۔صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔پنجاب کے تمام اضلاع سیف سٹی، آئندہ 3 ماہ میں 18 شہر وں میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع ہو گا۔ پنجاب بھر میں 48لاکھ سے زیادہ رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہوچکے ہیں۔طلبہ اور طالبات کو20 ہزار موٹر بائیکس دیں گے، ہر ضلع میں 3 ہزار بائیکس دی جائیں گی۔ طلبہ کو لیپ ٹاپ اور آئی بیڈز بھی دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں۔ دیہات سمیت تمام اضلاع میں پی پی موڈ پر ویسٹ مینجمنٹ کا نظام آئندہ 3 ماہ میں قائم کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں