فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اسٹیشن چوک کے قریب ہوٹل سے رنگ رلیاں مناتے جوڑے کو پکڑ کر مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کر کے لڑکی کو چھوڑنے اور لڑکے کے خلاف شراب برآمدگی کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر چوکی انچارج طارق آباد عمران کسانہ سمیت 5اہلکاروں کیخلاف 155سی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا’ سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ناقص سپرویژن پر ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی’ انچارج چوکی طارق آباد سمیت 5اہلکاروں کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا۔ تفصیل کے مطابق یکم دسمبر کی شب کو سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی کہ انچارج چوکی طارق آباد ٹی ایس آئی عمران کسانہ نے ساتھیوں کے ہمراہ اسٹیشن چوک تھانے کے بالمقابل ہوٹل پر چھاپہ مار کر جوڑے کو رنگ رلیاں مناتے پکڑ لیا اور لڑکے سے مبینہ طور پر رشوت وصول کر کے اس کے خلاف شراب برآمدگی کا جھوٹا مقدمہ درج کیا اور لڑکی کو چھوڑ دیا، جس پر سی پی او کامران عادل نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی رانا راشد اور چوکی انچارج عمران کسانہ کو معطل کر کے انکوائری کا حکم دیا۔ بعدازاں ٹی ایس آئی ظفر اﷲ کی مدعیت میں انچارج چوکی طارق آباد عمران کسانہ’ اے ایس آئی عامر رفیق’ کانسٹیبلان عبید اﷲ’ امجد سہیل وغیرہ کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔
9