یورپی یونین کو برآمدات5.345ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

کراچی (بیوروچیف) رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران یورپی ممالک کو برآمدات میں ایک سال قبل کے مقابلے میں 9.86 فیصد اضافہ ہوا جس کی بنیادی وجہ مغربی ریاستوں کو زیادہ ترسیل ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا جنوری مالی سال 2025 کے دوران پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات 5.345 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال 4.865 ارب ڈالر تھیں۔برآمدات میں اضافے کی وجہ مغربی، مشرقی اور شمالی یورپ میں پاکستانی مصنوعات کی طلب میں معمولی اضافہ تھا، مالی سال 2024 میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے باوجود یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات 3.12 فیصد کم ہو کر 8.240 ارب ڈالر رہ گئی تھیں۔اکتوبر 2023 میں یورپی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں مزید 4سال کی توسیع کر کے 2027 تک کرنے کی منظوری دی تھی تاکہ وہ یورپی برآمدات پر ڈیوٹی فری یا کم از کم ڈیوٹی سے لطف اندوز ہوسکیں۔مغربی یورپ، جس میں جرمنی، نیدرلینڈز، فرانس، اٹلی اور بیلجیئم جیسے ممالک شامل ہیں، کا یورپی یونین میں پاکستانی برآمدات کا سب سے بڑا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں