یونیورسٹی روڈ بننے کے بعد ملبہ نہ اٹھایا جاسکا،مال روڈ اکھاڑ کر ٹھیکیدار غائب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ پر سٹیٹ بنک کے سامنے ملبہ ہٹایانہ جا سکا جبکہ شہر کی معروف ترین مال روڈ سول ہسپتال کے سامنے کولڈ ملنگ کے تحت سڑکوں کو اکھاڑ کر دوبارہ تعمیر کا عمل شروع نہ ہو سکا’ جسکی وجہ سے شہریوں بالخصوص مریضوں کو ٹریفک کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیل کے مطابق شہر کی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سامنے دونوں اطراف کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے سڑک کو اکھاڑ کر ٹھیکیدار نے زیادہ ملبہ اٹھا لیا اور بعض جگہوں سے ابھی تک ملبہ اٹھایا نہ گیا ہے اور سڑک کی دوبارہ تعمیر کے بعد بھی سڑک کنارے ملبہ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جو کہ ٹریفک کی روانی کے دوران گاڑیوں کے گزرنے سے دوبارہ سڑک پر آ رہا ہے جسکی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے اور گزرتے ہوئے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے جبکہ دوسری طرف مال روڈ پر ٹھیکیدار نے کئی دنوں سے ڈی ایچ کیو ہسپتال الائیڈ ٹو کے سامنے کولڈ ملنگ کے ذریعے سڑک کو اکھاڑ دیا اور سڑک پر گہرے گڑھے پڑنے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ مال روڈ سے گزرنے والی گاڑیوں کے ٹائر نوکیلے پتھروں کی وجہ سے پنکچر بھی عام ہو رہے ہیں اور شہریوں بالخصوص مریضوں کو ہسپتال لانے میں بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی معروف شاہراہ مال روڈ کی جلدازجلد تعمیر کروائی جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو ریلیف مل سکے اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی روڈ سٹیٹ بنک کے سامنے دونوں اطراف سڑک کنارے پڑے ملبے کے ڈھیروں کو اٹھوایا جائے اور ٹھیکیدار کو پابند کیا جائے کہ سڑک کی تعمیر کیساتھ ہی روڈ کے اردگرد سے ملبہ کو اٹھوا کر روڈ کو کلیئر کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں