یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی ،واسا فیصل آباد مکمل ناکام ہوگیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے پی پی113 سے ممبر پنجاب اسمبلی ندیم صادق ڈوگر نے پنجاب اسمبلی میں واسا فیصل آباد کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیا، ندیم صادق ڈوگر نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا فیصل آباد حکام کی نااہلی کی وجہ سے فیصل آباد میں سیوریج سسٹم اور پانی کی سپلائی کا نظام تباہ ہو چکا ہے سیوریج لائنوں کی بندش کے باعث شہر میں جگہ جگہ گٹر اُبل رہے ہیں اور سیوریج کا گندہ پانی گلیوں اور سڑکوں پر جمع ہے جس کے باعث گلیاں اور سڑکیں جوہڑوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا’ گلیوں اور سڑکوں پر پیدل چلنا اور مسجدوں تک جانا محال ہو چکا ہے، گندے پانی کے جوہڑوں کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں، فراہمی آب کا نظام بھی مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے۔ شہر کے زیادہ تر علاقوں میں پینے کا پانی نہیں آتا اگر آتا بھی ہے تو اس میں سیوریج ملا پانی ہوتا ہے جس سے بدبو آتی ہے، شہری یہ پانی پینے سے پیٹ اور دیگر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب فوری طور پر فیصل آباد میں فراہمی اور نکاسی آب کا مسئلہ حل کرائے اور واسا کے نااہل اور کام چور افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں