نواز شریف ہسپتال سرگودھا کو جلد فعال کرنے کا حکم

سرگودہا (بیورو چیف)کمشنر سرگودھا کا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے تعمیری کام کا جائزہ۔کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور جاری تعمیری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے عارضی طور پر فعال او پی ڈی کا بھی معائنہ کیا، مریضوں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے دریافت کیا۔کمشنر نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور پوری توجہ کے ساتھ علاج معالجہ کریں۔ اس موقع پر ڈاکٹرز نے ہسپتال کے انتظامی اور سہولتی مسائل کے حوالے سے کمشنر کو آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ کمشنر نے مسائل کے حل کے لیے اسپتال کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا جبکہ ادویات کی فراہمی میں تعطل سمیت دیگر امور پر فوری طور پر سیکرٹری ہیلتھ کو پیغام بھیج کر صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرگودھا سمیت اردگرد کے اضلاع کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، اس کی بروقت تکمیل اور فعالیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انجینئرنگ ٹیم نے کمشنر کو بتایا کہ اسپتال کی تعمیر آئندہ ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔ فی الحال عارضی او پی ڈی میں روزانہ تقریباً سو مریضوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ بورڈ آف گورنرز کے فعال ہونے کے بعد مزید ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تقرری کے ساتھ اسپتال کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں