1قتل،1خودکشی،پیشی پر آئے 2گروپوں میں تصادم،قاتلانہ حملوں میں6افراد لہولہان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) عداوت کی بنا پر نوجوان قتل، حالات کے ستائے نوجوان نے خود کشی کر لی، ضلع کچہری میں دو متحارب گروپوں میں تصادم، قاتلانہ حملوں میں 6افراد گولیاں لگنے سے لہولہان، چالاک ملزمان کا دو شہریوں کے ساتھ ایک کروڑ39لاکھ کا فراڈ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ47ج ب منصوراں میں عثمان عرف زون ولد خالد محمود کا اپنے عزیزوں سیف اللہ وغیرہ کے ساتھ پرانی عداوت بازی چلی آ رہی تھی گذشتہ شب ان میں دوبارہ جھگڑا ہوا تو ملزمان سیف اللہ وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالف عثمان عرف زون ولد خالد محمود کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔جبکہ سمن آباد کے علاقہ مظفر کالونی میں 17سالہ نوجوان زین ولد محمدادریس نے گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ آج صبح تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمہ نمبری 1081/25 بجرم 324 کے کیس پر مدعی وملزم فریق پیشی کیلئے عدالت میں آئے اور سیشن کورٹ کے باہر سی پی او آفس کے بالمقابل ایک دوسرے پر حملہ کر دیا اور گتھم گتھا ہونے پر ایک دوسرے کو بری طرح زخمی کر دیا تو موقع پر موجود ڈولفن فورس اور سیشن کورٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے مدعی فریقین کے 4افراد فیضان’ فرحان’ مہران اور محمد یونس جبکہ دو ملزمان بابر علی اور عبدالخالق کو قابو کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ سیشن کورٹ میں تاریخ پیشی پر آنیوالوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے کسی کو بھی امن وعامہ میں خلل ڈالنے اور قانون شکنی کرنے کی اجازت نہ ہے۔ تھانہ سول لائن میں پکڑے جانیوالے ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں پرانی دشمنی’ معمولی جھگڑوں سمیت دیگر قاتلانہ حملوں میں چک جھمرہ کے علاقہ 25 ج ب کے شہزاد کو معمولی جھگڑے پر ملزمان بابر حیات وغیرہ نے گولیاں مار کر زخمی کر دیا، غلام محمد آباد کے علاقہ 217 رب اچکیرہ میں مشتعل ملزمان نے منور حسین’ روشن والا کے علاقہ 249 رب میں عداوت کی بناء پر مسلح ملزمان سرفراز وغیرہ نے ممتاز علی کو گولیاں مار دیں’ ٹھیکری والا کے علاقہ 73 ج ب میں پرانی دشمنی کی بناء پر مسلح ملزمان سیف الرحمان وغیرہ نے فائرنگ کر کے مخالف عبدالرحمان کو زخمی کر دیا۔ صدر کے علاقہ ڈھڈی والا میں 40سالہ خضرحیات ولد اﷲ یار اور محلہ فاروق آباد میں 39سالہ شکیل ولد ندیم کو مخالفین نے گولیاں مار کر لہولہان کر دیا۔ دریں اثناء تھانہ پیپلزکالونی میں درخواست گزارتے ہوئے شہزاد کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم عادل نے کاروبار کیلئے ایک کروڑ کی رقم حاصل کی، منافع دیا نہ رقم واپس کی۔ رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو بوگس نکلا، پیپلزکالونی کے امتیاز حسین کو بھی اسکے جاننے والے ملزم احمد نے 39لاکھ کی رقم ہڑپ کر لی، رقم کے بدلے میں چیک دیا جو کہ بینک سے کیش نہ ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں