10سالہ مغوی بچہ بازیاب،اغوا کار گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مرید والہ پولیس نے افطاری کے بہانے 10سالہ بچے کو اغواء کرنے والے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر کے بچے کو بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 201 گ ب سمندری کے رہائشی محمد شفیق کا کہنا ہے کہ 2مارچ کو اس کا محلہ دار ملزم عمر فاروق گھر آیا اور اسکی اہلیہ عالیہ بی بی سے کہا کہ اسکے بیٹے 10سالہ عبداﷲ شفیق کو افطاری کیلئے لے جا رہا ہوں جلد واپس آ جائیں گے۔ قبل ازیں بھی ملزم بچے کو قرآن خوانی کیلئے لے جاتا تھا۔ تاہم ملزم بچے کو لے کر گیا واپس نہ آیا۔ تلاش کرنے کے باوجود اس کا علم نہ ہوا اور فون بھی بند تھا، جس پر تھانہ مریدوالہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے بچے کی تلاش شروع کر دی۔ ایس ایچ او مریدوالہ قمر الزمان نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فیصل آباد مدینہ ٹائون فیضان مدینہ کے قریب چھاپہ مار کر اغواء کار کو گرفتار کر کے بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ملزم بچے کو کراچی لے جانا چاہتا تھا۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے بروقت کارروائی کر کے بچے کو بازیاب کروانے اور اغواء کار کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او مریدوالہ اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں