10کروڑ کی نمبر پلیٹ خریدنے والا صنعتکار چل بسا

کراچی (بیوروچیف) پاکستان کی مہنگی ترین اور نایاب گاڑی نمبر پلیٹ 10کروڑ روپے میں خریدنے والے صنعت کار مزمل پراچہ موذی مرض کینسر کے باعث انتقال کر گئے ۔ مزمل پراچہ نے جون 2024میں سندھ حکومت کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کی گئی یونیک نمبر پلیٹس میں سے سب سے یونیک نمبر پلیٹ خریدی تھی۔کاروباری شخص نے 10کروڑ روپے کے عوض اے ون کے یونیک نمبر کی پلیٹ خریدی تھی اور ان کی جانب سے مہنگی ترین پلیٹ خریدے جانے پر ان کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، تاہم اب ان کے انتقال کی خبر سن کر سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف اظہار افسوس کیا بلکہ ان کی مغفرت کے لیے دعائیں بھی کیں۔مقامی میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پیجز کے مطابق مزمل پراچہ موذی مرض کینسر میں مبتلا تھے اور وہ دوران علاج متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں انتقال کر گئے۔مزمل پراچہ کے انتقال پر سوشل میڈیا صارفین نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں اور ساتھ ہی لکھا کہ موت سے دولت بھی نہیں بچا سکتی۔سندھ کی تاریخ کی مہنگی ترین نمبر پلیٹ خریدنے والے مزمل پراچہ کروڑوں روپے کی ملکیت اور کاروبار کے مالک تھے، وہ چند کمپنیز کے مالک بھی تھے۔مزمل پراچہ کو نایاب اور بہترین گاڑیاں خریدنے کا شوق بھی رہا اور ان کے پاس متعدد اقسام کی گاڑیاں بھی تھیں جب کہ انہوں نے گاڑیوں کے لیے خصوصی اور یونیک نمبر پلیٹس بھی خرید کر رکھی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں