126گ ب میں جانوروں کے مفت علاج کا کیمپ

جڑانوالہ(نامہ نگار) جانوروں کے عالمی دن پر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (UVAS)لاہور کے ماہرین اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اونیب،لیکچرار ڈاکٹر اویس،لیکچرار ڈاکٹر فرحان،لیکچرار ڈاکٹر عصمت اور طلبا و طالبات کی تنظیم سیورز کے اشتراک سے معروف سیاسی و سماجی رہنما وسیم قریشی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر احمد وسیم قریشی کے تعاون سے 126 گ ب شہروانہ انکے ڈیرے پر جانوروں کے مفت علاج کا کیمپ لگایا گیا۔اس موقع پر مویشی پال حضرات کے جانوروں کو ویکسینیشن،صحت کے عمومی معائنے اور بیماریوں سے بچا کی مفت سہولیات فراہم کی۔کیمپ میں UVAS کے ڈاکٹرز نے مویشی پال حضرات کو مویشیوں،پالتو جانوروں اور جنگلی حیات کی صحت کے حوالے سے آگاہی بھی دی جبکہ مویشی پال حضرات کو جانوروں کی مناسب دیکھ بھال،غذائی ضروریات اور ہنگامی صورت حال میں ابتدائی مدد فراہم کرنے کی تربیت دی گئی۔اس موقع پر وسیم قریشی ایڈووکیٹ نے کہا کہ”جانور ہمارے ماحولیاتی نظام کا اہم حصہ ہیں۔ان کی صحت کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے یہ کیمپ ہماری اجتماعی کوششوں کا مثالی نمونہ ہے ڈاکٹر احمد وسیم قریشی نے بتایا کہ کیمپ لگانے کا مقصد پسماندہ علاقوں میں جانوروں کیلئے طبی سہولیات کی رسائی کو یقینی بنانا اور عوامی شعور بیدار کرنا تھا۔انہوں نے UVAS کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں ایسی مزید مہمات کے انعقاد کا عزم بھی ظاہر کیا جانوروں کے عالمی دن پر منعقد ہونے والے اس کیمپ میں سینکڑوں افراد اپنے جانوروں کو لے کر پہنچے،جبکہ مقامی انتظامیہ نے بھی اس اقدام کو سماجی خدمت کی ایک قابل تقلید مثال قرار دیا۔یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اس طرح کے پروگراموں کو ملک بھر میں وسعت دینے کیلئے حکومتی اور نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری پر کام جاری ہے یہ کیمپ نہ صرف جانوروں کے حقوق کے تحفظ کی طرف ایک اہم قدم ہے بلکہ اس سے انسانی و حیوانی صحت کے باہمی تعلق کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملی ہے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی کوششیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں