13حلقوں میں کون بنے گا فاتح؟فیصلہ آج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج 23نومبر کو ہونیوالے ضمنی انتخابات میں فیصل آباد کے 2قومی اسمبلی اور3صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5بجے تک ہو گا۔ پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات’ حساس ترین اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز بھی تعینات’ سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے پولنگ کے عمل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ دوپہر بارہ بجے تک ووٹنگ کا ٹرن آئوٹ کم دیکھنے میں آیا۔ قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں مجموعی طور پر 1240پولنگ اسٹیشنز قائم کئے ہیں جن میں 64پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین’ 610 کو حساس اور 566 کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے104 میں 5,56,351 ووٹرز اپنا حق رائے استعما ل کرینگے جن کیلئے 375پولنگ اسٹیشنز اور 1097پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے96 جڑانوالہ میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 5,87,124 ہے۔ 345پولنگ اسٹیشنز اور 1057 پولنگ بوتھ میں ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کرینگے۔ جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی115 میں 2,34,255 ووٹرز کیلئے 159 پولنگ اسٹیشنز اور 437پولنگ بوتھ’ حلقہ پی پی116 میں مجموعی ووٹرز 2,76,280 کیلئے 190پولنگ اسٹیشنز اور 544 پولنگ بوتھ جبکہ حلقہ پی پی98 چک جھمرہ میں 2,89,690 ووٹرز کیلئے 171پولنگ اسٹیشنز اور 548پولنگ بوتھ میں ووٹرز اپنا حق رائے استعمال کرینگے۔ تاہم ضمنی انتخابات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ رینجرز’ ضلعی انتظامیہ کی تعینات کے ساتھ ایلیٹ فورس’ ڈولفن فورس کی ٹیمیں پولنگ اسٹیشنز کے گرد ونواح میں گشت کر رہی ہیں۔ دوپہر بارہ بجے تک ووٹنگ کا ٹرن آئوٹ کم رہا جبکہ دوپہر کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کرنے لگی۔دریں اثنائ۔اسلام آباد، لاہور ، پشاور (بیوروچیف) پنجاب اور کے پی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 13نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج ہورہی ہے’جس کیلئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے، فوج ،سول آرمڈ فورسز نے ڈیوٹی سنبھال لی ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہیگا، 2792پولنگ اسٹیشنز میں سے 792حساس، 408انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، پاک آرمی اور سول آرمڈ فورسز بطور کوئیک ری ایکشن فورس تعیناتہیں جبکہ 20ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاربھی موجود ہونگے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ شفافیت اور پرامن ماحول میں پولنگ ہماری اولین ترجیح ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ 23 امیدوار سیاسی جماعتوں کے ٹکٹ پر اور 82آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی تعداد نمایاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 13نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ آج (اتوار)کو ہو گی جس کیلئے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ووٹرز کو حق رائے دہی کیلئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے۔ان کا کہنا تھاکہ الیکشن میٹریل کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا ہے، محفوظ ترسیل کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ 939 مردانہ، 889 زنانہ، 964 جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز اور الیکشن کمیشن عملیکو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں ۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کرلی گئی جسکی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائیگی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے سیکرٹری عمر حمید نے بتایا کہ ضمنی الیکشن میں انتخابی مہم ختم ہوگئی اور پولنگ کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد لازمی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ادارے الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت امیدواروں کا تشہیری مواد نشر کرنے سے گریز کریں۔ اس سے قبل وفاقی حکومت نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں