15جنوری کے بعد منشیات خریداری کرنیوالے کو25ہزار انعام ملے گا،RPOسہیل سکھیرا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے دعویٰ کیا ہے کہ فیصل آباد کو منشیات سے پاک کر دیا، 15 جنوری کے بعد منشیات کی خریداری کرنے والے شہری کو 25ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن میں گزشتہ دو ماہ کے دوران جرائم پیشہ افراد سے برٍآمد ہونے والے مال مسروقہ کی مالکان کو واپسی کی تقریب سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پی او صاحزادہ بلال عمر’ ایس ایس پی آپریشنز فرقان بلال’ ایس پی انوسٹی گیشن سلیم کلاجی’ ایس پی لائلپور ٹائون عابد ظفر’ ایس پی مدینہ ٹائون جہانداد’ ایس پی اقبال ٹائون سعید احمد کی نگرانی میں تشکیل دی جانے والی ٹیموں نے گزشتہ دو ماہ نومبر، دسمبر 2025ء کے دوران 35گینگز کے 86ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 19کروڑ 32لاکھ سے زائد مالیت کی ریکوری کی ہے۔ سی پی او نے کہا کہ جرائم کی روک تھام و انسداد کیلئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا کر جرائم کی شرح میں نمایاں کمی کرکے بہترین حکمت عملی اپنانے کا ثبوت دیا۔ جرائم کی شرح میں نمایاں کمی بہترین قیادت، حکمت عملی ٹیم ورک کا نتیجہ اور منہ بولتا ثبوت ہے ۔ جرائم کی روک تھام کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی پوائنٹس اور ہاٹ سپاٹ ایریاز پر گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا گیا ہے اور CCTV کیمروں کی تنصیب کرکے آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کو متعارف کرایا گیا تاکہ کار چوری و دیگر وارداتوں کا تدارک و انسداد کیا جا سکے۔ فیصل آباد پولیس سمیت ڈولفن فورس، DIBاور تمام شعبہ جات بھر پور طریقے سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے مختلف گینگز کے ملزمان گرفتار کر کے ان سے بھاری مقدار میں برآمدگیاں کیں جس میں سے کچھ مالکان کو ریکوری دینے کے حوالے سے بلوایا گیا ہے۔ جبکہ بقیہ مالکان کو متعلقہ تھانہ جات سے ریکوری ان کے سپرد کی جائے گی۔ آج 19کروڑ 32لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری مالکان کے حوالے کی جائے گی ۔جس میں 6عدد کاریں مالیت تقریباً 2.5کروڑ روپے، 271 عدد موٹر سائیکل مالیت 2کروڑ سے زائد، زیورات و دیگر اشیا مالیتی 2کروڑ سے زائد، 122 عدد موبائل فونز مالیت 42لاکھ روپے سے زائد، دیگر وہیکل مالیت تقریباً 20لاکھ روپے، 6عدد رکشے مالیت 15لاکھ سے زائد، کل مالیت 19کروڑ 32لاکھ روپے سے زائد برآمد کر کے مالکان کے حوالے کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں