53

18 ہزار ہلاکتوں کے باوجود امریکہ کی جنگ جاری رکھنے کیلئے اسرائیل کو ”ہلاشیری ”

غزہ،واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد18ہزار سے زائد ہوچکی ہیں، اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے سربراہ جولیٹ ٹوما کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال ہولناک ہوگئی ہے اور ایسے میں امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا ہے ۔وائٹ ہاؤس میں جاری تقریب میں امریکی صدر نے کہا کہ حماس کو ختم کرنے تک اسرائیل کی فوجی امداد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ عالمی رائے عامہ ایک ہی رات میں بدل بھی سکتی ہے ۔اس دوران امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے اپنے مضبوط تعلق کا بھی اشارہ دیا۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کی قیادت کو زندہ چھوڑنے والی جنگ بندی ناقابل قبول ہوگی، غزہ جنگ کا واحد حل عسکری حل ہے ۔انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ حماس کی قیادت کو ختم کرنے کا صرف فوجی حل ہوسکتا ہے،غزہ کی وزارت صحت نے اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 18ہزار 200 سے زائد شہادتوں کی تصدیق کی ہے ۔وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 49 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔ادھر وائٹ ہاؤس اور امریکی سینیٹ کی عمارت میں یہودی مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے مظاہرہ کیا جس دوران متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔علاوہ ازیں اسرائیل نے حماس سے جنگ بندی کرانے کے لیے مصر اور قطر سے رابطہ کیا، اسرائیلی وزیر دفاع نے چند روز بعد یہ دعویٰ پھر دہرادیا کہ شمالی غزہ میں حماس بریکنگ پوائنٹ کے قریب ہے ۔اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ میں مستقل رہنے کا کوئی ارادہ نہیں، جنگ کے مقاصد حماس کا خاتمہ اور یرغمالیوں کی واپسی ہیں۔یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف نے جنگ عظیم دوم میں جرمنی کی تباہی سے غزہ کی تباہی کا موازنہ کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ غزہ کی صورتحال انتہائی ابتر اور تباہ کن ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں شہری ہلاکتیں مجموعی اموات کا 60 سے 70 فیصد ہیں۔جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ غزہ کی 85 فیصد آبادی بے گھر ہوچکی ہے ۔غزہ میں عمارتوں کی تباہی جرمن شہروں میں ہونے والی تباہی سے بھی زیادہ ہے ۔دوسری طر ف شام اور لبنان پر بھی اسرائیلی افواج نے بمباری اور گولہ باری کی ہے ، شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب حزب اللہ کے دو ارکان سمیت 4افراد شہید ،لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے گاؤں طیبہ پر اسرائیلی حملے میں اس کا میئرشہید ہوگیا، لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی افواج نے خبردار کیا ہے کہ جنگ بے قابو ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں