2مبینہ مقابلے،1ڈاکو ہلاک،دوسرا اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں دو مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا ساتھیوں کی فائرنگ سے بری طرح زخمی ہو گیا، پولیس نے زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ ملت ٹائون کا اے ایس آئی ذوالفقار پکڑے جانے والے ملزم کاظم شریف عرف پپو ولد محمد شریف سکنہ علی ٹائون کو مسروقہ مال کی برآمدگی کے بعد واپس تھانہ آ رہے تھے کہ جب وہ کلاش فیکٹری کے قریب سیم نالہ پر پہنچے تو اس کے چھ مسلح ساتھیوں نے زیرحراست ملزم کاظم کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور ساتھی کو چھڑا کر فرار ہوئے تو پولیس نے 15پر کال کرتے ہوئے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا تو اس دوران ایس ایچ او تھانہ ملت ٹائون پولیس کی نفری لیکر موقع پر پہنچ گئے اور فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر دیکھا تو ملزم کاظم شریف اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے جبکہ دوسرا مقابلہ سی سی ڈی کیساتھ ہوا۔ مکوآنہ سی سی ڈی کے انچارج فاروق ناظر نے بتایا کہ کھرڑیانوالہ کے قریب پلیاں سٹاپ کے قریب اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ لگا رکھا تھا، اسی دوران موٹرسائیکل سواروں کو مشکوک ہونے پر رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک نوجوان گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسکی شناخت خالد محمود عرف خالد ولد شریف سکنہ 240 رب کے نام سے ہوئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والا ڈاکو ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 65 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ تاہم پولیس نے نعش کو ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں