فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )دو مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈ یافتہ 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ڈجکوٹ پولیس نے چک 132موڑ پرناکہ پردو موٹر سائیکل پر سوار چار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پرفائرنگ شروع کردی اور فرار ہو گئے ، ایس ایچ او ڈجکوٹ نے نفری کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب کیا تو وہ فصلوں میں چھپ گئے اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ،پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی ،پولیس نے فائرنگ کا سلسلہ رکنے پردیکھا تو دو ملزمان زخمی حالت میں پڑے تھے جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہو گئے۔ جن کی شناخت نوید اور عاقب کے نام سے ہوئی ملزمان ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو ڈکیتی و راہزنی کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے ان کے ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ سٹی جڑانوالہ کا اے ایس آئی محمد زبیردیگر اہلکاروں کے ہمراہ زیر حراست 30 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکوریاض شاہد کو مقدمہ میں ریکوری کیلئے لے کر جا رہا تھا۔ اوڈھاں والی بستی کے قریب تین نامعلوم ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ملزم کو چھڑوالیا ، اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ عاطف شہزاد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فصل کماد میں چھپ گئے۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کا سلسلہ رکنے پردیکھا تو ملزم شاہد ریاض زخمی حالت میں پڑا تھا جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مضروب ہوا تھا۔ساتھی ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے،پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی ۔




