2مبینہ پولیس مقابلے ،3ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ چناب گارڈن کے عقب میں حسن نگر روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں ساتھیوں کی فائرنگ سے زیرحراست ریکارڈ یافتہ دو ڈاکو زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کر لئے گئے جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈی ٹائپ کالونی کے اے ایس آئی محمد عارف’ نواز عملہ کے ہمراہ پکڑے جانیوالے دو ڈاکوئوں محمد عثمان اور عاطف شفیق کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ طفیل بھٹہ نزد گندانالہ کے قریب پہنچے تو ان کے موٹرسائیکل سوار مسلح ساتھیوں پر پولیس پارٹی پر حملہ کر کے زیرحراست ساتھیوں کو چھڑا کر چناب گارڈن کی طرف روانہ ہو گئے۔ پولیس پارٹی کی اطلاع پر ایس ایچ او امتیاز نے بھاری نفری کے ہمراہ تعاقب کیا تو چناب نگر کے عقب میں حسن نگر روڈ پر ڈاکوئوں اور پولیس کا آمنا سامنا ہو گیا کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ڈکیت عثمان اور عاطف اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑے تھے جو ریکارڈ یافتہ اور 34 سے زائد مقدمات میں ملوث تھے۔ تاہم پولیس نے زخمیوں کو دوبارہ حراست میں لیکر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ اعوان والا کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کے اے ایس آئی سجاد یوسف ماتحت عملہ کے ہمراہ ملزم آصف ولد شیر محمد سکنہ مبارک پورہ تاندلیانوالہ حال مقیم 214 رب کو مال کی برآمدگی کیلئے 227 رب کراڑ والا جا رہے تھے کہ اس کے مسلح موٹرسائیکل سوار مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ساتھی آصف کو چھڑا کر اعوان والا کی طرف فرار ہوئے تو ملزم کی فراری کی اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی نے تعاقب کیا اور اعوان والا کے قریب آمنا سامنا ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ریکارڈ یافتہ ملزم آصف جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جسے حراست میں لیکر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں