2پولیس مقابلے،ریکارڈ یافتہ2زخمی ڈاکو گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے دو مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران گولیاں لگنے سے 2ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے’ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق لائلپور ڈویژن کے سی سی ڈی کے انچارج حسن صدیق چیمہ نے ماتحت عملہ کے ہمراہ غلام محمد آباد نمبر2 چک نمبر 100 ج ب کڑی والا میں خطرناک اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران ایک ڈاکو زخمی جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکو کی شناخت نعیم یعقوب ولد یعقوب سکنہ عثمان آباد کے نام سے ہوئی جبکہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 30 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ دوسرا مبینہ مقابلہ رضاآباد کے علاقہ ٹیلاں والا قبرستان کے قریب ہوا جہاں پر بھی سی سی ڈی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران موٹرسائیکل سوار تین مشکوک افراد کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور موٹرسائیکل پھینک کر قریبی قبرستان میں گھس گئے جہاں پر بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا، فائرنگ کا تبادلہ رُکنے کے بعد سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم عمران محمود ولد نصیر احمد سکنہ اعجاز ٹائون جڑانوالہ بری طرح زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکوئوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں