2کروڑ 53لاکھ بچے سکولوں سے باہر

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان ادارہ برائے تعلیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں کروڑوں بچے اور بچیاں تاحال اسکولوں سے باہر ہیں۔پاکستان ادارہ برائے تعلیم نے تعلیمی سال 2023-24کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، رپورٹ کے مطابق ملک میں 13اعشاریہ 41ملین بچیاں اور 11اعشاریہ 96ملین لڑکے اسکولوں سے باہر ہیں، یوں مجموعی طور پر 25اعشاریہ 37ملین بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں2کروڑ 53لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں 5سے 16سال کی عمر کے36فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ تعداد کے لحاظ سے 9اعشاریہ 60ملین بچے تعلیم سے محروم ہیں۔سندھ میں 5سے 16سال تک کے 42فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، صوبے میں7اعشاریہ 82ملین بچیاں تعلیم سے محروم ہیں، خیبرپختونخوا میں 29فیصد بچے اسکولو ں سے باہر ہیں، جبکہ 4اعشاریہ 92ملین بچیاں تعلیم حاصل نہیں کر رہیں۔بلوچستان میں صورتحا ل سب سے زیادہ تشویشناک ہے جہاں 58فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 15فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ میں ملک میں تعلیمی بحران کو سنگین قرار دیتے ہوئے فوری اور مثر اقداما ت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ لاکھوں بچوں کو تعلیم کے بنیادی حق سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں