لاہور(بیوروچیف)رواں برس 8فروری بروز جمعرات کو ہونیوالے عام انتخابات کے بعد چند ہفتوں کے اندر پاکستان میں بڑے عہدوں پر تبدیلیاں ہوں گی جس سے سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گایہ تبدیلیاں 20مارچ تک ہونے کا امکان ہے’تفصیلات کے مطابق نگران سیٹ اپ کی جگہ ریاست کے صدر مملکت ، وزیر اعظم پاکستان ،چیئر مین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی جیسے کلیدی عہدوں پر اہم ترین شخصیات کا چنائو ہوگا۔ نو منتخب قومی اسمبلی وزیراعظم پاکستان، سپیکر اورڈپٹی سپیکر کا انتخاب کریگی، اسی طرح چاروں صوبائی اسمبلیاں اپنے اپنیوزیراعلی، سپیکر و ڈپٹی سپیکرز کا انتخاب کریں گی۔ اگلے مرحلے میں سینیٹ آف پاکستان کے 49ریٹائرڈ اور تین خالی یعنی 52نئے سینٹرز کا اگلی 6سالہ مدت کے لیے انتخابات ہوں گے، سینٹ کا ایوان مکمل ہونے پر نئے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا چنائو عمل میں آئے گا۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ میں انتخابات کے بعد منتخب ایوان صدر مملکت کا انتخاب کریں گے موجودہ صدر ڈاکٹر عارف علوی پہلے ہی اپنی 5سالہ آئینی مدت پوری کرچکے ہیں۔ یہ تمام مراحل 20مارچ تک مکمل کرنا ہوں گے۔
