85

200یونٹس بجلی استعمال کرنیوالوں کو سولر دینے کا اعلان (اداریہ)

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 200 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر دینے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ 500 یونٹس تک کے صارفین کو سولر لگانے کیلئے 75فی صد رقم دی جائے گی، بڑھتے ہوئے بجلی بلز سے بہت پریشان ہوں، ہمیشہ غریبوں کے حق کیلئے کھڑی رہوں گی انہیں ریلیف دینے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے منصوبوں سے پیسے منتقل کر کے عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا غریب گھریلو صارفین بجلی کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جہاں تک ممکن ہوا اقدام سے گریز نہیں کروں گی، وزیراعلیٰ پنجاب کا گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کیلئے سولر دینے کا اعلان خوش آئند ہے ویسے اس بات سے بھی انکار ممکن نہیں کہ شدید گرمیوں کے موسم میں کسی بھی گھر میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال ہوتی ہو گی کیونکہ، ہر گھر میں واٹر پمپ’ فریج’ واشنگ مشین’ بجلی کی استری’ پنکھے’ بلب اور اوون استعمال ہوتے ہیں اور یہ سب چیزیں بجلی سے چلتی ہیں یہ ممکن نظر نہیں آتا کہ ایک چھوٹے خاندان والے گھرانے میں 200 یونٹ بجلی استعمال ہو! البتہ پنجاب حکومت کا 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے بجلی صارفین کیلئے سولر لگانے کیلئے 75فی صد رقم دینے کا فیصلہ اہم قرار دیا جا سکتا ہے کیونکہ اس مد میں چھوٹے خاندان سے لیکر بڑے خاندان بھی حکومتی فیصلے کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں، توانائی سیکٹر گردشی قرضوں کے جال سے باہر نہیں نکل رہا نیپرا ہر دوسرے دن بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہا ہے ساتھ ہی یہ بھی اعلان کیا جاتا ہے کہ اضافی رقم ماہ رواں میں ہی وصول کی جائے گی جس کی سب سے زیادہ پریشانی غریب طبقے کو ہوتی ہے اور وہ بھاری بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے اپنے گھر کا سازوسامان فروخت کرنے پر مجبور ہے کم آمدن والے لوگوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں وسائل محدود مگر ضروریات لامحدود ہو چکی ہیں گھریلو ضروریات کا پورا کرنا دشوار ہو چکا ہے ایسے میں وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے اور غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کے دُکھ کو محسوس کرتے ہوئے سولر دینے کا اعلان کر کے ان کے دُکھوں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی ہے مگر پنجاب حکومت کو اس حوالے سے غریبوں اور کم آمدن والے افراد کو سولر فراہم کرنے کیلئے شفاف طریقہ اپنانے کی ضرورت ہو گی اس کا آسان طریقہ ہے کہ پنجاب بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تمام سب ڈویژنز کے آر اوز سے بجلی صارفین کا مکمل ڈیٹا حاصل کر کے 200 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر فراہم کئے جائیں جبکہ 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 75فی صد رقم فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اس حوالے سے ایسے افسران اور اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں جو دیانت دار اور فرض شناس ہوں اور ناانصافی سے پرہیز کرنے والے ہوں وزیراعلیٰ پنجاب کے فلاحی کاموں کے حوالے سے اقدامات واقعی لائق تحسین ہیں اﷲ کرے وہ مہنگائی کے مارے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بھی کامیاب ہوں!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں