51

22ایکڑ قیمتی اراضی سے گالف کلب کا قبضہ ختم کروا دیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے ازسر نوترتیب دی گئی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز میں کنوینر کمیٹی/رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر نے کمیٹی کے رکن مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور راناثنا اللہ خاں کواجلاس کی صدارت کی دعوت دی۔مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خاں نے کمیٹی کے ممبران ارکان اسمبلی،ٹکٹ ہولڈرز،ضلعی وپولیس انتظامیہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ضلع کی مجموعی ترقی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہونا چاہیے۔انہوں نے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے کہا کہ وہ نچلی سطح پر عوام سے رابطہ میں ہیں لہٰذا وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے میدان میں رہیں۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ سیاست حقیقت میں خدمت اور سروس کا ہی بول بالا ہے،جو خدمت عوامی نمائندے کریں گے وہی کامیابی ہے۔رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر وترقی کے لئے میگا پراجیکٹس تجویز کرکے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ عوامی خدمت پاکستان مسلم لیگ کا طرہ امتیاز ہے اور2008ء سے2018ء تک خدمت کا اعلیٰ معیار قائم کیا جس کا تسلسل توڑا گیا لیکن اب پھر وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں موجودہ حکومت عوام دوست اقدامات کررہی ہے۔رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حالیہ دورہ فیصل آباد پر فیصل آباد کو آئی ٹی سٹی بنانے کا اعلان کیا تھا اور ڈویژنل وضلعی انتظامیہ نے ڈی پی ایس اور اقبال سٹیڈیم کے درمیان گالف کلب کی 22،ایکڑ قیمتی اراضی پر قبضہ ختم کراکر تحویل میں لیا ہے اور شہر کے وسط میں واقع یہ اراضی آئی ٹی یونیورسٹی کے لئے آئیڈیل ہے۔انہوں نے کہا کہ دو رویہ ستیانہ روڈ کی موٹر وے انٹرچینج تک تعمیر سرگودھا روڈ اور فیصل آباد تا چنیوٹ روڈ کی تعمیر سے ترقی کا نیا باب کھلے گا۔رانا ثنا اللہ خاں نے کنوینئر کمیٹی سے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ کے روٹ کو حتمی شکل دینے کے لئے سب کمیٹی تشکیل دیں۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کرائیں گے اور ان کی تکمیل سے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کمیٹی کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آئوٹ سورس پلان سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پہلے مرحلے میں چک جھمرہ کے علاوہ تمام تحصیلیں آئوٹ سورس ہوچکی ہیں اورسوموار سے صفائی پروگرام کی سافٹ لاچنگ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل،تحصیل اور ضلع کی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی جن میں عوامی نمائندے بھی شامل ہونگے۔انہوں نے میٹروبس کے مجوزہ روٹ پلان سے آگاہ کیا۔انہوں نے کینال ایکسپریس وے پر ٹریفک ایشوز پر بریفنگ دی۔رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ ڈی جی ایف ڈی اے ارکان اسمبلی وٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے میٹروبس کے روٹ کو حتمی شکل دیکر آئندہ اجلاس میں پیش کریں تاکہ باضابطہ منظوری لے کر عملدرآمد کرایا جائے جبکہ کینال روڈ پر اضافی وغیر قانونی ریمپس کے معاملہ کے حل کے لئے بھی متعلقہ عوامی نمائندوں سے بات کریں اور شاہراہ کی ماسٹر پلاننگ کو مدنظر رکھا جائے۔رانا ثنا اللہ خاں نے دو روزہ ستیانہ روڈ موٹر وے انٹرچینج تک سڑک کی تعمیر کی سمری تیار کرکے بھجوانے کی ضرورت پر زور دیا جس سے کمیٹی کے ارکان نے اتفاق کیا۔ڈپٹی کمشنر نے آئی ٹی سٹی/یونیورسٹی کے قیام کی پیشرفت پر بریفنگ دی اور بتایا کہ سمری حکومت پنجاب کو بھجوائی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی پی2024-25 کی سکیموں کی تفصیلات پر بھی بریفنگ دی۔سی پی او کامران عادل نے ضلع میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ نئے تھانوں کے قیام کے حوالے سے پیشرفت،مذہبی ایونٹس کے پرامن انعقاد کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 8 ہزار کیمروں سے امن وامان کی صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گا۔انہوں نے پولیس خدمت مرکز کے قیام سمیت جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں سینیٹر طلال چوہدری،ارکان اسمبلی جعفر علی ہوچہ،خاں بہادر ڈوگرکے علاوہ مسلم لیگی رہنما وٹکٹ ہولڈرزمیاں عبدالمنان،میاں محمد فاروق،حاجی محمد اکرم انصاری،محمد رزاق ملک،راجہ دانیال،آزاد علی تبسم،مہرحامد رشید،رانا احمد شہریار،شیخ اعجاز احمد،میاں ضیا الرحمن،علی گوہر بلوچ،رانا علی عباس،رانا شعیب ادریس،میاں طاہر جمیل،اجمل آصف ودیگر ارکان موجود تھے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کے محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں