25

24ویں وزیراعظم منتخب

اسلام آباد (بیوروچیف)اسپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے میاں شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا’نئے منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کیلئے ایوان صدر میں تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وزیراعظم کی حلف برداری تقریب کل 4مارچ بروز سوموار سہ پہر 3بجے ایوان صدر کے استقبالیہ ہال میں ہوگی۔ گورنرز، وزرائے اعلی، مسلح افواج کے سربراہ، اراکین پارلیمان اور بیوروکریسی کے سینئر حکام، سفارتی نمائندے شریک ہوں گے۔ توقع ہے کہ صدر عارف علوی نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے ،واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں نواز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو، خورشید شاہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب، امیر مقام اور عامر ڈوگر سمیت دیگر ارکان ایوان میں موجود تھے۔اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان مینڈیٹ چور، چور چور کے نعرے لگاتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے جبکہ ن لیگ کے ارکان کی جانب سے گھڑی چور کے نعرے لگائے گئے۔بعدازاں مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپنی ڈیسک پر نواز شریف اور شہباز شریف کے پوسٹر رکھ لیے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ڈیسک پر بانی پی ٹی آئی کی تصاویر رکھیں۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے وزارتِ عظمی کے امیدوار عمر ایوب نے پارلیمنٹ پہنچنے پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔وزارتِ عظمی کے لیے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار عمر ایوب سے صحافی نے چبھتے ہوئے سوالات کیے۔عمر ایوب صحافیوں کو صرف یہ کہہ کر آگے بڑھ گئے کہ آپ کے پاس درست حقائق نہیں ہیں۔دوسری جانب شہباز شریف نے کہا کہ سب مل کر اس میں حصہ ڈالیں گے تو ملک میں بہتری آئے گی۔نواز شریف نے جواب دیا کہ انشا اللہ، اللہ بہتر کرے گا۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن عامر ڈوگر کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت کو نہیں چلنے دیں گے۔عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ جب تک چھینا گیا مینڈیٹ واپس نہیں ملتا تب تک ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی رکنِ قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جیت چکی ہے، اس وقت صرف خانہ پری ہو رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں