28باڑہ جات خالی کروا کر425مویشیوں کو شہری حدود سے باہر نکال دیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر راجہ جہانگیر اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس کی زیرنگرانی پیرافورس’ میونسپل کارپور یشن کا عملہ’ لائیوسٹاک اور ضلعی پولیس نے گزشتہ روز عزیز ٹائون میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 28باڑہ جات کو خالی کروا کر 425مویشیوں کو شہری حدود میں باہر نکال دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عظمت فردوس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شہری حدود میں رکھے جانے والے مویشیوں کے انخلاء کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری حدود میں بڑے جانوروں کے رکھنے پر حکومت پنجاب نے پابندی لگا رکھی ہے۔ مویشی کے گوبر اور فضلہ جات کی وجہ سے نہ صرف سیوریج سسٹم بند ہو جاتا ہے بلکہ تعفن کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ انہوں نے مویشی پال شہریوں کو کہا کہ وہ ازخود اپنے مویشیوں کو شہری حدود سے باہر منتقل کر دیں۔ ورنہ ان کے باڑہ جات کو مسمار اور مویشیوں کو ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں