3حادثات میں ایلیٹ فورس کے اہلکار سمیت5افراد جاں بحق

کراچی،روجھان،شیخو پورہ ( بیو رو چیف، نامہ نگار )تین ٹریفک حادثات میں ایلیٹ فورس کے اہلکار سمیت5افراد جاں بحق اور4زخمی ہو گئے۔ سپر ہائی وے پر کاٹھوڑ پل کے قریب 2 ٹرکوں اور ایک کار کے درمیان خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ریسیکو ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے حکام کے مطابق حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ایک کار کاٹھور کے قریب خراب ہوگئی تھی جس کے بعد مال بردار ٹرک سے مدد مانگی گئی۔ٹرک نے رسا باندھ کر کار کو آگے لے جانے کی کوشش کی لیکن رسا ٹائر میں پھنس گیا جس کے نتیجے میں گاڑی الٹ گئی اور پیچھے سے آنے والے ٹرک نے الٹنے والی کار اور بھینسوں کے ٹرک کو ٹکر مار دی۔اس حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ چار افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔روجھان میں انڈس ہائی وے پر ایلیٹ فورس کی گاڑی الٹنے سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق روجھان انڈس ہائی وے موسائی پھاٹک کے قریب ایلیٹ فورس کی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار جام شہادت نوش کر گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں الٹنے والی گاڑی میں تین اہلکار سوار تھے، حادثہ زیر تعمیر روڈ کی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔پولیس کے مطابق شہید اہلکار کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، ایلیٹ فورس کے شہید اہلکار کا تعلق جام پور سے ہے۔ شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں گورونانک پورہ سٹاپ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔جاں بحق افراد شادیوں پر گھوڑا ڈانس کرواتے تھے اور ان کے ساتھ دو گھوڑے بھی کچلے گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق، جاں بحق افراد کی لاشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت فلپس مشتاق اور عامر مشتاق کے نام سے ہوئی، جبکہ تیسرے شخص کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں