3ماہ سے چیئریٹی کمیشن کا اجالس نہ ہوسکا،درجنوں کیسز التواء کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی عدم توجہ کے باعث پنجاب چیریٹی کمیشن کا اجلاس گزشتہ تین ماہ سے منعقد نہ ہوسکا۔درجنوں فائلیں ڈی سی کی توجہ کی منتظر، سرٹیفکیٹس اجرا نہ ہونے سے مسائل میں اضافہ ہونے لگا۔ تفصیل کے مطابق شہر بھر سے درجنوں مساجد’ امام بارگاہوں’ فائونڈیشن اور این جی اوز کی رجسٹریشن کیلئے فائلیں جمع کروا رکھی ہیں۔ تمام فلاحی ادارے پنجاب چیریٹی کمیشن کے پورٹل پر آن لائن اپلائی کرتے ہیں جبکہ بی اور سی کیٹگری کا سرٹیفکیٹ ڈپٹی کمشنر نے جاری کرنا ہوتا ہے لیکن تین ماہ سے میٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے کام رکا ہوا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے آفس ان فائلوں کی دستاویزات کی تیاری اور مختلف فیسیں وغیرہ جمع کروانے کے مختلف مراحل سے گزر کر حتمی طور پر پنجاب چیریٹی کمیشن کی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کے روبرو تمام کیسز پر مباحثہ کیا جاتا ہے جس کے بعد ان کی منظوری ہوتی ہے اس میٹنگ میں کیٹگری بی اور سی کے تمام کیسز ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے جاتے ہیں جہاں پر کمیٹی کے دیگر ممبران جن میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی’ ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے افسران کی موجودگی میں منظوری ہوتی ہے لیکن ذرائع کے مطابق اس کمیٹی کا ماہانہ ہونے والا اجلاس آخری بار تین ماہ قبل نومبر کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا جس کے بعد ابھی تک اجلاس نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے سرٹیفکیٹس کا اجرا تعطل کا شکار ہے۔ این جی اوز و فائونڈیشن سمیت دیگر متعلقہ سرٹیفکیٹس کے خواہشمند سائلین نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے اپیل کی ہے کہ فی الفور پنجاب چیریٹی کمیشن کا اجلاس طلب کرکے زیر التوا کیسز نمٹائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں