3مبینہ پولیس مقابلے،زیر حراست 1ڈاکو ہلاک،3زخمی حالت میں گرفتار

جڑانوالہ(نامہ نگار) تھانہ روڈالہ روڈ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے قتل ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ملزم ہلاک ہو گیا،ساتھی فرار ہو گئے،پولیس زیر حراست ملزم مجیب علی کو برآمدگی کے بعد واپس لیکر آ رہی تھی کہ اسکے موٹر سائیکل سوار ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرکے اسے چھڑوا لیا۔ ہلاک ہونیوالے ملزم کیخلاف 7مقدمات درج تھے۔ تفصیلات کے بعد تھانہ روڈالہ روڈ میں تعینات سب انسپکٹر انچارج انوسٹی گیشن عدنان مرزا قتل ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث زیر حراست ملزم مجیب علی ولد افضل ساکن 534گ ب حال مقیم محلہ رضا آباد کو سرکاری گاڑی میں برآمدگی مال مسروقہ کیلئے 376 گ ب سے واپس لیکر آ رہی تھی کہ چک نمبر 375 گ ب کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار اسکے 4 نامعلوم ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ کرکے ملزم مجیب علی کو چھڑوا لیا اور کھیتوں کی فصلوں میں چھپ گئے مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ملزم مجیب علی زخمی ہو گیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہو گئے زخمی ہونیوالے ملزم کو طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستہ میں دم توڑ گیا پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ڈکیٹ ملزم مجیب علی نے دوران ڈکیتی عاشق علی کو قتل کیا تھا جس کا مقدمہ نمبر 601/25 بجرم 302 درج رجسٹرڈ ہوا تھا پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈکیٹ کی لاش کے قریب سے 2 عدد موٹر سائیکلیں قبضہ میں لے لیں جن میں سے ایک موٹر سائیکل تھانہ صدر جڑانوالہ کی حدود میں شہری سے چھیننی گئی تھی جس کا مقدمہ نمبر 1364/25 بجرم 392 درج ہوا تھا مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونیوالے ڈکیٹ کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار جا رہے ہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے ڈکیٹ کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کو جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ باہلک اور چک جھمرہ کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زیرحراست 3ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا کر زخمی حالت میں گرفتار جبکہ پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ساتھیوں کو چھڑوانے کیلئے ملزمان رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ باہلک کا سب انسپکٹر نصیر احمد اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمہ نمبر 119/25 میں ملوث ملزم شاہ فیصل کو 378 گ ب میں اسلحہ برآمدگی کے بعد واپس آ رہے تھے کہ جب وہ نابوکا بنگلہ چوک کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کر کے ساتھی شاہ فیصل کو چھڑا کر 600 گ ب کی طرف فرار ہو گئے، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ باہلک سمیت پولیس کی بھاری نفری نے تعاقب کیا تو ملزمان نے فصل کماد میں چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد فائرنگ کا تبادلہ رُکا تو ملزم شاہ فیصل زخمی حالت میں پڑا تھا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جبکہ دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ بائی پاس روڈ پر جے کے فارم کے قریب ہوا جہاں پر سب انسپکٹر شاہ جہان ملازمان کے ہمراہ ڈکیتی کے مقدمہ میں ملوث ملزم غلام دستگیر اور باسط کو ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے جب وہ بائی پاس پر جے کے فارم کے قریب پہنچے تو دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ساتھیوں کو چھڑانے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ ڈولفن فورس سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے دیکھا تو زیرحراست ملزم غلام دستگیر اور باسط اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر شدید مضروبی کی حالت میں پڑے تھے جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں