3منٹ میں ہڈی جوڑنے والا بون گلو تیار

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک )چین کے سائنس دانوں نے Oysterسے متاثر ہو کر ایک انقلابی بون گلو تیار کیا ہے جو صرف 2سے 3منٹ میں ٹوٹی ہوئی ہڈی کو جوڑ دیتا ہے اور وہ بھی ایسے حصوں میں جہاں خون زیادہ ہوتا ہے اور جہاں عام طور پر دیگر ادویات ناکام ہو جاتی ہیں۔یہ حیاتیاتی چپکنے والا مادہ جسے Bone-02کہا جاتا ہے، براہِ راست فریکچر کی جگہ پر انجیکٹ کیا جاتا ہے، جس کے بعد ہڈی بغیر کسی دھات کے امپلانٹ کے خود بخود جڑ جاتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ مادہ بایوڈیگریڈیبل ہے یعنی ہڈی کے مکمل طور پر جڑ جانے کے بعد جسم کے اندر ہی تحلیل ہو جاتا ہے اور دوسری سرجری کی ضرورت نہیں رہتی، جس سے انفیکشن کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ گلو بالکل ویسے ہی کام کرتا ہے جیسے Oyster مشکل ترین حالات میں پانی کے اندر سطح سے چمٹ جاتا ہے۔ تحقیق کے سربراہ آرتھوپیڈک سرجن لن ژیان فینگ کے مطابق Bone-02 چار سو پانڈ سے زیادہ بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ اس کی کمپریسیو اسٹرینتھ 10 MPa تک ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ بون گلو کلینکل ٹرائلز میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ آرتھوپیڈک سرجری میں انقلاب برپا کرسکتا ہے اور پیچیدہ فریکچر کے علاج کو نہایت آسان بنا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں