300 سال قبل ڈوبنے والے جہاز کا ملبہ مل گیا

کولمبیا( مانیٹرنگ ڈیسک )300 سال پرانے خزانے سے بھرے ہسپانوی سمندری جہاز سان جوز کی باقیات مل گئی ہیں، جس کی 20 ارب ڈالر مالیت کے خزانے کی تصاویر جاری کردی گئیں۔بحیرہ کیریبین کی تہہ میں ڈوبے ہوئے تاریخی ہسپانوی جنگی جہاز سان جوز کی باقیات دریافت کرلی گئیں ہیں۔ 3 صدیوں بعد بالآخر اس جہاز کی قیمتی اشیا کی واضح تصاویر جاری کر دی گئی ہیں، جس میں سونا، چاندی اور قیمتی اشیا نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔یہ 62 توپوں والا جنگی جہاز جون 1708 میں کولمبیا کے ساحل کے قریب اس وقت ڈوبا تھا جب برطانوی بحریہ نے اسے اچانک حملے میں نشانہ بنایا، جہاز پاناما کے بندرگاہ پورٹو بیلو سے قیمتی خزانہ لے کر اسپین روانہ ہوا تھا، حملے میں جہاز پر سوار 600 میں سے 589 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ماہرین کا اندازہ ہے کہ اس جہاز میں موجود خزانے کی موجودہ قیمت 20 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے، اگرچہ کولمبیا کی نیوی نے 2015 میں سان جوز کے ملبے کی دریافت کا دعوی کیا تھا، تاہم اب جاری کی گئی ریموٹلی آپریٹڈ آبدوز (ROV) کے ذریعے حاصل کردہ تصاویر نے تصدیق کردی ہے۔ملبے کے قریب زمین میں دھنسے سکے بھی تصاویر میں دیکھے جاسکتے ہیں جنہیں کابس (Cobs) یا ہسپانوی میں ماکوکیناس (Macuquinas) کہا جاتا ہے، ان سکوں پر کے شاہی نشان بھی موجود ہیں۔جہاز کے ملبے کے قریب سے چینی سلطنت کنگشی عہد (1662-1722) کی نایاب چینی مٹی کی اشیا اور 1665 کے توپ خانے بھی دریافت ہوئے ہیں، جو اس دور کے تجارتی اور جنگی رابطوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔کولمبین حکومت نے 2023 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس جہاز کو 2026 سے پہلے سطح پر لانے کا ارادہ رکھتی ہے، جب تک موجودہ صدر گوستاوو پیٹرو اپنی مدت پوری کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں